این اے ایک چترال سے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد

پرویز مشرف نااہل ہونے کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے‘ سیکرٹری جنرل آل پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹر امجد

منگل 19 جون 2018 12:45

این اے ایک چترال سے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد
چترال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کے این اے ایک چترال سے کاغذات نامزدگی کو مسترد کردیا گیا ہے۔منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے این اے 1 چترال کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے جس کو ریٹرننگ افسر نے مسترد کردیا جب کہ اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کے کاغذات نامزدگی این اے 1 کیلئے منظور کرلیے گئے ہیں۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پرویز مشرف نااہل ہونے کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے تاہم ہم انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور اس بار کوئی بائیکاٹ نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف واپس آنا چاہتے تھے مگر راہ میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے، پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیا جاتا ہے تاہم پرویز مشرف انتخابات سے قبل ملک واپس آسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پرویز مشرف نے سپریم کورٹ میں اپنی تاحیات نا اہلی کے خلاف اپیل دائر کی ہے جس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے انہیں 13 جون کو لاہور طلب کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی۔ تاہم سابق آرمی چیف عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے جس پر سپریم کورٹ نے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت کا حکم واپس لے لیا۔