قرضوں سے چھٹکارے ،آبی ذخائر کی تعمیر پرقومی پالیسی تشکیل دینا ہو گی‘ آل پاکستان انجمن تاجران

سیاسی جماعتوں کو دلفریب نعروں کی بجائے پاکستان کو درپیش حقیقی مسائل کا حل پیش کرنا ہوگا ‘ صدر اشرف بھٹی

منگل 19 جون 2018 12:08

قرضوں سے چھٹکارے ،آبی ذخائر کی تعمیر پرقومی پالیسی تشکیل دینا ہو گی‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ آنے والے سالوںمیں پانی کی قلت کے حوالے سے سنگین خدشات لمحہ فکریہ ہیںجس کا ہمیں بطور قوم ادراک کرناہوگا ،غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے اور آبی ذخائر کی تعمیر کے معاملات پرقومی پالیسی تشکیل دینا ہو گی ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے ملاقات کیلئے آنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کوبہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن پانی کی قلت کے حوالے سے جس طرح کے سنگین خدشات سامنے آرہے ہیں یہ لمحہ فکریہ ہونا چاہیے اور اس کیلئے بلا تاخیر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اب سیاسی جماعتوں کو دلفریب نعروں کی بجائے پاکستان کو درپیش حقیقی مسائل کا حل پیش کرنا ہوگا جس میں غیر ملکی قرضوں سے نجات اور بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کو ترجیح قرار دیا جائے اور اس کیلئے قومی پالیسی تشکیل دے کر ایمر جنسی کا نفاذ کیا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اشرف بھٹی نے کہا کہ بھارت نے حالیہ سالوںمیں چھوٹے بڑے آبی ذخائر کے درجنوں منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ ہم نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند رکھی ہوئی ہیں۔اگر یہی صورتحال بر قرار رہی تو ایشین ٹائیگر بننا تو دور کی بات ہماری سلامتی اور بقاء کوبھی خطرات لا حق رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ نئی آنے والی حکومت غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارے اور آبی ذخائر کی تعمیر کیلئے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرے اور اگر نیک نیتی دکھائی گئی تو پوری قوم بھی اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنے سے گریز نہیں کرے گی ۔