Live Updates

عوام ووٹ کی طاقت سے (ن) ،پی پی کادوبارہ اقتدارمیں آنے کا راستہ روکیں گے ‘ جمشید اقبال چیمہ

ہماری ترجیح عوام اور انہیں صحت ،تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ہو گی ،ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائینگے این اے 127میںکارنر میٹنگزسے خطاب ،ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران گفتگو ،(ن) کے دیرینہ کارکنوں نے شمولیت کا اعلان بھی کیا

منگل 19 جون 2018 12:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر،این اے 127سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عوام نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو دوبارہ نہ آزمانے کا اٹل فیصلہ کرلیا ہے ،پی ٹی آئی ترقیاتی منصوبوں کی مخالف نہیں بلکہ ہماری ترجیح عوام اور انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ہو گی ،(ن) لیگ کی طرح مخصوص علاقوں کی بجائے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے حلقہ این اے 127کے مختلف مقامات پر کارنر میٹنگزسے خطاب اورڈور ٹو ڈور مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے سے تعلق رکھنے والے (ن) لیگ کے دیرینہ کارکنوںنے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ لیگی قیادت اور ان کے چند قریبی حواریوں کا سب کچھ بیرون ممالک میں ہے،ان سے جب بھی احتساب کے ادارے لوٹ مار کی دولت کا حساب پوچھتے ہیں تو یہ جھٹ سے بیرو ن ملک روانہ ہو جاتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے ساڑھے چار سال تک لوٹ مار کی اورجب ان سے سوا ل و جواب پوچھے گئے تو لندن جاکر بیٹھ گئے ہیں ۔نواز شریف کے بچوںنے لوٹ مارکی دولت سے بیرون ممالک اثاثے بنائے لیکن جب ان سے پوچھا گیا تو وہ بھی کہتے ہیں کہ ہم تو پاکستانی شہری ہی نہیں ۔ خدارااب عوام کے پاس آخری موقع ہے بصورت دیگر ہماری آنے والی نسلیں بھی چند خاندانوں کی غلام رہیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے تیور بتا رہے ہیں کہ انہوںنے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو دوبارہ نہ آزمانے کااٹل فیصلہ کر لیا ہے بلکہ اپنے ووٹ کی طاقت سے دونوں جماعتوں کا دوبارہ اقتدار میں آنے کا راستہ روکیں گے۔انہوںنے کہا کہ انشا اللہ این اے 127میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہو گی اور عوام کے تعاون سے حلقے کومثالی بنا کر دکھائوں گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات