نئی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

آسٹریلیا 34سال کی نچلی ترین پوزیشن پر پہنچ گیا

منگل 19 جون 2018 11:40

نئی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جون 2018 ء) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے رینکنگ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی تنزلی نے پاکستان کو پانچویں پوزیشن پر پہنچا دیا،آسٹریلیا کی انگلینڈ کیخلاف حالیہ ناکامی نے اعشاریہ کے فرق سے گرین شرٹس کو آگے پہنچا دیا حالانکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے یکساں 102 پوائنٹس ہیں۔ تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں کینگروز کو چھٹی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا جو 34 سال کے طویل عرصے میں ان سے سب سے کمتر درجہ بندی ہے کیونکہ اس سے قبل جنوری 1984ءمیں آسٹریلین ٹیم کو رینکنگ میں چھٹی پوزیشن حاصل ہوئی تھی۔

آسٹریلیا کی حالیہ تنزلی کا باعث ان کی عالمی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ون ڈے میچوں میں شکست ہے اور اسے پاکستان سے اپنی پانچویں پوزیشن واپس لینے کے لیے انگلینڈ کیخلاف باقی تین میں سے کم از کم ایک ون ڈے میچ جیتنا لازمی ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں اوول پر بیٹنگ کی ناکامی سے دوچار آسٹریلین ٹیم انگلینڈ کیخلاف تین وکٹوں سے شکست کھا گئی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں بھی اسے 38 رنز کی ناکامی نے پانچ میچوں کی سیریز میں دو،صفر کے خسارے سے دوچار کردیا ہے۔

رواں سال عالمی چیمپئن ٹیم انگلینڈ کے خلاف سات میں سے چھ میچوں میں شکست کھا چکی ہے جسے جنوری میں بھی اپنے ہی ہوم گراﺅنڈ پر برطانوی حریفوں کے ہاتھوں سیریز میں چار،ایک سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور مجموعی طور پر اسے گزشتہ پندرہ میچوں کے دوران انگلش ٹیم کے خلاف تیرہ میچوں میں شکست کا ذائقہ چکھنا پڑا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم اس وقت 124 پوائنٹس کی بدولت ٹاپ پر ہے جب کہ جنوبی افریقہ دوسرے ،بھارت تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر فائز ہے۔