ملا فضل اللہ کی ہلاکت، تحریک طالبان پاکستان نے نیا امیر مقرر کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 جون 2018 11:29

ملا فضل اللہ کی ہلاکت، تحریک طالبان پاکستان نے نیا امیر مقرر کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2018ء) : تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی نے اپنا نیا سربراہ مقرر کر لیا ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ملا فضل اللہ کی ہلاکت کے بعد عمر رحمٰن عرف فاتح استاجی کو نیا امیر منتخب کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبے کنڑ میں تحریک طالبان پاکستان کی مجلس شوریٰ کا اجلاس ٹی ٹی پی کے سابق امیر قاری فیض الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ہوا، جس میں ملا فضل اﷲ کی ہلاکت پر تعزیت اور تحریک طالبان پاکستان کے نئے سربراہ کا انتخاب کیا گیا ،جس میں عمر رحمٰن کے نام پر اتفاق ہوا، ذرائع کے مطابق نئے سربراہ کا تعلق بھی خیبر پختونخوا کے ضلع مٹہ سے ہے ۔

عمر رحمٰن عرف فاتح استاجی 1973ء میں پیدا ہوا،اس نے افغان جنگ میں بھی حصہ لیا تھا جہاں وہ داؤد کے نام سے جانا جاتا تھا ۔

(جاری ہے)

2004ء میں اس وقت کے آرمی چیف پرویز مشرف پرحملہ کیس میں بھی ملوث ہے ،سوات میں آ رمی آ پریشن کے دوران 2009ء میں ضلع سوات سے دیگر ساتھیوں سمیت افغانستان کے صوبے کنڑ فرار ہوا گیا تھا ،ذرائع کے مطابق عمر رحمٰن سابق سربراہ ملا فضل اﷲ کا نائب امیر اور داست راست تھا۔

2017ء میں زرعی سنٹر پشاور پر حملے کی منصوبہ بندی بھی عمر رحمٰن عرف فاتح استاجی نے کی تھی،اس کا چچا بہادر خان بھی دہشت گرد کارروائیوں میں سکیورٹی اداروں کو مطلوب ہے۔یاد رہے کہ افغانستان صوبہ کنّڑ میں امریکی فوج کی کارروائی میں پاکستانی طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کو ہلاک کیا گیا۔ یہ خبر ایک ایسے وقت منظر عام پر آئی ہے جب عید الفطر کے موقع پر افغان حکومت اور طالبان نے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

ملا فضل اللہ کی ہلاکت پر ٹویٹر صارفین نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں پیش کیں۔ ٹویٹر پر #MullahFazlullah اورDroneAttack# کا ٹرینڈ بھی بن گیا۔ طالبان کی جانب سے ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی اور یہی خیال کیا جا رہا تھا کہ نئے امیر کی تقرری کے بعد ہی تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کی جائے گی۔