کراچی کے علاوہ نواب شاہ کے انتخابی میدان میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کروں گا ، ایم کیو ایم رہنما رئوف صدیقی

پیر 18 جون 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عبدالرئوف صدیقی نے کہا ہے کہ میں کراچی کے علاوہ نواب شاہ کے انتخابی میدان میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کروں گا چاہے مجھے صرف میری بیوی کا ووٹ ملے۔

(جاری ہے)

سٹی کورٹ میں کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد صحافیوں کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پوری آب و تاب کے ساتھ الیکشن میں اترے گی، ہمیں اب تیاری کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اس بار الیکشن شفاف ہونگے، ایم کیو ایم کی لیڈر شپ میں اختلافات ضرور ہیں مگر پارٹی انتشار کا شکار نہیں ہے، ایم کیو ایم کا ووٹر پارٹی سے الگ نہیں ہوتا، ووٹ صرف پتنگ کے نشان پر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن ایک المیہ اور صدمے کا باعث تھا مگر ایم کیو ایم نے کبھی ہارس ٹریڈنگ نہیں کی۔ ایک سوال پر رئوف صدیقی کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کو ٹکٹ دینا یا نہ دینا پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اختیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نواب شاہ سے بھی سندھ اسمبلی کی نشست پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چاہے مجھے صرف بیوی کا ووٹ ملے میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ ضرور کروں گا۔