جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امراء کا ڈالر کے ملکی تا ریخ کی بلندترین سطح پرپہنچنے پرشدیدتشویش کااظہار

پیر 18 جون 2018 22:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امراء زاہدا ختربلوچ،ڈاکٹرمحمد ابراہیم نے ڈالر کاملکی تا ریخ کی بلندترین سطح پرپہنچنے پرشدیدتشویش کااظہاراور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ نگران حکومت نے بھی آتے ساتھ ہی عوام پر پٹرول بم گرادیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،اس اقدام سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ڈالرکا121.50روپے تک پہنچنا اور روپے کی بے قدری سے تنخواہوں اورپنشن میں اضافہ غیر موثر ہوکررہ گیا ہے۔ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر10ارب ڈالر کے رہ گئے ہیں جوکہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کامظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے قرضوں کابوجھ450ارب تک جاپہنچا ہے۔

روپے کی بے قدری ملک میں مہنگائی کے طوفان کاپیش خیمہ ہے جوعوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔نگران حکومت 22کروڑ عوام کااحساس کرے ،اگر وہ عوام کے لیے آسانیاں پیدانہیں کرسکتی تو مسائل میں اضافے کاباعث بھی نہ بنے۔ حکمرانوں نے معاشی لحاظ سے پاکستان کو ایشیا کاکمزور ترین ملک بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔چین،بھارت،بنگلہ دیش معاشی لحاظ سے دن بدن مضبوط سے مضبوط ترہوتے جارہے ہیں جبکہ پاکستان میں آئے روزمعیشت دگرگوں اور ڈگمگاتی کشتی کی مانند نظر آتی ہے جس کو مصنوعی سہارا دینے کے لیے قرض پہ قرض لیے جارہے ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنانے سے بہترہے کہ حکومت فی لیٹرمنافع کم کرے تاکہ عوام کو ریلیف میسر ہو۔ سپریم کورٹ کی جانب سے موبائل فون کارڈز پرٹیکس کٹوتی کومعطل کرنا قابل تحسین اقدام ہے،اس پر عمل درآمدبھی کروایاجائے۔حکومت عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ٹیکسوں کی بھرمار نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔جب تک بڑے مگرمچھوں کو ٹیکس کے نظام میں نہیں لایاجائے گا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔حکومت اداروں میں موجودان کالی بھیڑوں کامحاسبہ کرے جوان مگرمچھوں کوقانون میں موجود سقم اور دیگرخامیوں سے فائدہ اٹھانے کی راہ دکھاتے ہیں۔