چیف جسٹس ثاقب نثار کی نگران وزیر اعظم کے بعد نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات

ملاقات نگران وزیر اعلیٰ کی درخواست پر چیف جسٹس کی رہائش گاہ پر کی گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 18 جون 2018 22:16

چیف جسٹس ثاقب نثار کی نگران وزیر اعظم کے بعد نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 جون 2018ء) :چیف جسٹس ثاقب نثار نے نگران وزیر اعظم کے بعد نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کی ہے۔ ملاقات نگران وزیر اعلیٰ کی درخواست پر چیف جسٹس کی لاہور میں واقع رہائش گاہ پر کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک میں مسلم لیگ ن کی جمہوری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد 31 مئی کو رخصت ہو چکی ہے۔جس کے بعد نگران سیٹ اپ نے ملک کا انتظام و انصرام سنبھال رکھا ہے۔

اس نگران سیٹ اپ پر سب سے بڑی ذمہ داری شفاف انتخابات کا بروقت انعقاد ہے ۔اسی بات کا اظہار وزیر اعظم سمیت تمام وزراء اعلیٰ بھی کر چکے ہیں۔اس حوالے سے شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کی غرض سے اعلیٰ عہدیداروں اور نگران سیٹ اپ نے تیاریاں شروع کر دی ہیں جس کے سلسلے میں اہم ترین ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس ثاقب نثار نے نگران وزیر اعظم کے بعد نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور نگران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری میں ملاقات نگران وزیر اعلیٰ کی درخواست پر کی گئی۔ملاقات لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں واقع چیف جسٹس ثاقب نثار کی رہائش گاہ پر انجام پائی ۔جس میں اہم قومی و ملکی امور کے علاوہ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر بات ہوئی۔آنے والے الیکشن کے حوالے سے بھی بات کی گئی ہے۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے وقت دینے اور ملاقات کی درخواست قبول کرنے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا جبکہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کو خوش آمدید کہا۔یاد رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار اس سے پہلے نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔مزید یہ کہ چیف جسٹس ثاقب نثار برقت انتخابات کے انعقاد کے بہت بڑے حامی ہیں اور وہ اس بات کا اظہار متعدد موقعوں پر کر چکے ہیں۔ان ملاقاتوں کو آئندہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اہم سمجھا جارہا ہے۔