ہاکس بے پر گزشتہ روز ڈوبنے والے دونوں نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئیں

دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے، مرنے والوں میں ایک کا تعلق کراچی اور دوسرے کا چترال سے ہے

پیر 18 جون 2018 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) ہاکس بے پر گزشتہ روز ڈوبنے والے دونوں نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق عید کے دوسرے روز ہاکس بے پر ڈوبنے والے دونوں نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک نوجوان کی شناخت 19 سالہ فراز کے نام سے ہوئی ہے، فراز ایف بی ایریا کا رہائشی ہے جبکہ دوسرے نوجوان کی شناخت اسامہ کے نام سے کی گئی ہے۔

دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے، مرنے والوں میں ایک کا تعلق کراچی اور دوسرے کا چترال سے ہے۔رات گئے اندھیرے کے باعث تلاش کا کام روک دیا گیا تھا۔ صبح سویرے ریسکیو آپریشن کے دوران لاش ساحل سے ملی ہے۔ڈوبنے والے نوجوان فراز کے بھائی ارشد نے میڈیا کو بتایا کہ ساحل پر ڈوبنے والے افراد کو بچانے کے لئے کوئی لائف گارڈ موجود نہیں تھا۔

(جاری ہے)

دو روز بعد میری بہن کی شادی ہے۔ گھر میں شادی کا سماں ہے۔ ہماری مدد کی جائے سندھ حکومت سے اپیل کرتا ہوں اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے میری مدد کردیں۔ یاد رہے کہ اگست 2014 میں عید کے دوسرے روز کراچی کے ساحلی علاقے سی ویو پر سمندر میں نہاتے ہوئے 41 افراد گہرے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔اس کے علاوہ کراچی کی انتظامیہ وقتا فوقتا سمندر میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر ساحل پر دفعہ 144 نافذ کرتی رہتی ہے۔واضح رہے کہ عید کے دوران ساحل پر عوام کی بڑی تعداد پکنک منانے آتی ہے اوراس دوران بعض منچلے سمندر میں نہاتے وقت احتیاطی تدابیر کا لحاظ نہیں رکھتے جس کے باعث اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں۔