Live Updates

عیدالفطر کے دنوں میں چارجڈ پارکنگ کے نام پر بھتہ وصولی پر قابو نہ پایا جا سکا

پارکوں، پلے لینڈز پر موٹر سائیکل سواروں سے 50 روپے تک چارجز پارکنگ فیس وصول کی گئی، کار کی چارجز پارکنگ فیس کی مد میں100روپے تک اینٹھے گئے

پیر 18 جون 2018 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) عیدالفطر کے دنوں میں چارجڈ پارکنگ کے نام پر بھتہ وصولی پر قابو نہ پایا جا سکا۔رمضان المبارک میں چارجڈ پارکنگ جن مارکیٹوں میں آزاد رہا۔ عید کے دنوں میں تفریحی مراکز میں چارجڈ پارکنگ کے نام پر زبردست بے قاعدگی پائی گئی۔ تفریحی مراکز پارکوں، پلے لینڈز پر موٹر سائیکل سواروں سے 50 روپے تک چارجڈ پارکنگ فیس وصول کی گئی۔

کار کی چارجڈ پارکنگ فیس کی مد میں100روپے تک اینٹھے گئے ۔ہل پارک، سفاری پارک، زو کے اطراف جگہ نہ ہونے پر دور دور پارکنگ کروائی گئیں۔ نیو ایم اے جناح روڈ پر منی زو کے اطراف بھی پارکنگ کیلئے من مانے پیسے وصول کئے گئے۔ عید کے دنوں میں چارجڈ پارکنگ کی رسیدیں بھی غائب کر دی گئیں۔ گتوں کے ٹکڑوں پر لکھے گئے نمبرز کو چارجڈ پارکنگ فیس وصولی کیلئے استعمال میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

تفریحی مراکز پر آنے والوں کی چارجڈ پارکنگ عملے سے زبردست نوک جھونک ہوگئی۔ چارجڈ پارکنگ عملے نے فیسز پر اعتراض کرنے والوں کو گاڑیاں پارک نہیں کرنے دیں۔ چارجڈ پارکنگ عملے کامن مانی فیس ادا کرنے پر اصرار بلدیاتی اداروں نے عیدالفطر پر شہریوں کو لوٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہر ضلع سے لاکھوں روپے زائد فیس وصول کر کے بٹورنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ضلع بلدیات کا کہنا ہے کہ انہیں زائد فیس وصولی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ۔شکایات ہوتیں تو فوری کاروائی عمل میں لاتے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات