بلوچستان میں صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواروں کے کاغذات کی سکروٹنی (آج) مکمل کی جائے گی

صوبائی و قومی اسمبلی کی کل 67نشستوں پر 1835امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں خواتین اور اقلیت کی مخصوص نشستوں پر 208نامزدگی فارم جمع ہوئے

پیر 18 جون 2018 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) بلوچستان میں صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواروں کے کاغذات کی سکروٹنی آج مکمل کی جائے گی ، صوبائی و قومی اسمبلی کی کل 67نشستوں پر 1835امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں جبکہ خواتین اور اقلیت کی مخصوص نشستوں پر 208نامزدگی فارم جمع ہوئے، تفصیلات کے مطابق آئند ماہ ہونے والے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر آج امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال (سکروٹنی) مکمل کی جائے گی ،بلوچستا ن صوبائی اسمبلی کی51جنرل نشستوں پر 1400امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کی 16جنرل نشستوں پر 435امیداروں کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کو وصول ہوئے ،صوبائی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 11ہے جن پر 116جبکہ اقلیتوں کی تین نشستوں پر 56امیدواروں نے فارم الیکشن کمیشن میں جمع کیے ہیں اسی طرح قومی اسمبلی میں خواتین کی 4نشستوں کیلئے 36امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ،بلوچستان سے اس بار تمام سیاسی و قبائلی عمائدین الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جن کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آرہا ہے ،عام انتخابات سے قبل اگلے مرحلے میں 22 جون تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کر نے کے خلاف اپیلیں دائر کی جائیں گی جس کے بعد 27جون تک ٹربیونل اپیلوں پرفیصلے کریگا جبکہ 28جون کو امیدواروں کی لسٹ آویزاں کی جائے گی 29جون تک کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی جس کے بعد الیکشن کمیشن امیدواروں کی حتمی لسٹ جاری کریگا جبکہ 30جون کو امیداروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے