نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کا عید کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منڈی بہائوالدین کا دورہ ،مریضوں سے ملاقات

مریضوں کی عیادت کی اور انہیں مٹھائی پیش کی، فزیوتھراپی مرکز کے قیام کو سراہا،ڈی ایچ کیو کی زیرتعمیر عمارت کا بھی دورہ کیا نگران حکومت قوم کی توقعات پر پورا اترے گی،ہماری کارکردگی سے سیاسی جماعتوں کا ہم پر اعتماد بحال ہوگا،حسن عسکری نگران حکومت آئینی طور پر نئے منصوبے نہیں لاسکتی، صحت کے جاری منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں گے الیکشن میں اپنی کارکردگی سے غیر جانبداری ثابت کریں گے،تمام سیاسی پارٹیوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے ،میڈیا سے گفتگو نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری سے منڈی بہائوالدین میں سابق وزیراعلیٰ افضل حیات اور مختلف مکاتب فکر کے وفود کی ملاقاتیں

پیر 18 جون 2018 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے عید کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منڈی بہائوالدین کا دورہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے آپریشن تھیٹر، آئی سی یو، سی سی یو، برن یونٹ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں سے ملاقات کی اور مزاج پرسی کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور انہوں نے ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کو مٹھائی پیش کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

نگران وزیراعلیٰ نے ایکسرے اور دیگر نئے طبی آلات کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں فزیوتھراپی مرکز کے قیام کو سراہا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر علی جان نے نگران وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ضلعی ہسپتال منڈی بہائوالدین میں روزانہ 1400 مریض اوپی ڈی اور 400 مریض ایمرجنسی میں آتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے منڈی بہائوالدین میں ڈی ایچ کیو کی زیرتعمیر عمارت کا بھی دورہ کیا ۔

اس موقع پر انہیں ڈی ایچ کیو کے زیرتعمیر منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت آئینی طور پر نئے منصوبے نہیں لاسکتی، تاہم صحت کے جاری منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین اور صحت کے حکام نے نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خزانہ سید ضیاء حیدر رضوی، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل غلام حسین بوسال اور دیگر عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابات کے انتظامات کئے جائیں گے اور الیکشن میں اپنی کارکردگی سے غیر جانبداری ثابت کریں گے۔ تنقید کی پرواہ نہیں، اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو فیئر اینڈ فری الیکشن کے لئے انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔

نگران حکومت محدود مدت کے لئے ہے، اس دوران آئینی حدود میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کچھ ممکن ہوا کریں گے۔ا نہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا اپنا اپنا ایجنڈا ہے۔نگران حکومت قوم کی توقعات پر پورا اترے گی، تمام سیاسی پارٹیوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کرینگے۔ ہماری کارکردگی سے سیاسی جماعتوں کا ہم پر اعتماد بحال ہوگا۔ آئینی تقاضوں کے مطابق شفاف الیکشن کروانا نگران حکومت کی ترجیح ہے۔

صوبے میں ہسپتالوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔جہاں فنڈز کی کمی ہوگی اسے پورا کرکے جاری ترقیاتی پراجیکٹس مکمل کرائے جائیں گے۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی رسول کی فعالیت اور تعلیم کی کوالٹی ترجیح ہے کیونکہ معیاری تعلیم وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ایسے شعبہ تعلیم کا انتخاب کریں جو عملی زندگی میں ان کیلئے معاون ہو۔

منڈی بہائوالدین میں چلڈرن ہسپتال اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔ منڈی بہائوالدین شہر میں سڑکوں اورپینے کے صاف پانی کے مسئلے کو بھی حل کرنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ ضیاء حیدر رضوی نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔ دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری سے سابق وزیراعلیٰ افضل حیات اور مختلف مکاتب فکر کے وفود نے بھی ملاقاتیں کیں۔