گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے عید الفطر کے دوران مصروف ترین دن گزارا

نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی ترقی ، خوشحالی ، اًمن اور بالخصوص پاک فوج کا دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے خلاف جاری آپریشن کی کامیابی کے لئے خصوصی دُعا کی گئی

پیر 18 جون 2018 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے عید الفطر کے دوران مصروف ترین دن گزارا۔ انہوں نے عید بادشاہی مسجد لاہور میں ہزاروں لوگوں کے ساتھ ادا کی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی ترقی ، خوشحالی ، اًمن اور بالخصوص پاک فوج کا دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے خلاف جاری آپریشن کی کامیابی کے لئے خصوصی دُعا کی گئی۔

دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے بھی خاص طور پر دُعا کی گئی۔ اس موقع پر کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کے لئے بھی دُعا مانگی گئی۔ گورنر پنجاب بادشاہی مسجد میں عوام سے عید بھی ملے، لوگ گورنر پنجاب کو اپنے درمیان پاکر بے حد خوش تھے۔گورنر پنجاب عید کے روز گورنر ہائوس میں موجود ڈیوٹی پر تعینات سرکاری ملازمین سے بھی عید ملے اور اُنہیں عید کی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے عید کے روز گورنر ہائوس، لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی اور آئی جی پنجاب کلیم امام نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران افسران نے گورنر پنجاب کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر صوبے میں اًمن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت آئندہ ہونے والے عام انتخابات کو پُر اًمن،صاف اور شفاف بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہٴ خیال کیا گیا۔