سید منور حسن کی عید کے موقع پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے گھر آمد

عافیہ صدیقی کی صحت و رہائی کے حوالے سے کوششوں پر سابقہ حکومتوں کی بے حسی پر افسوس کا اظہار

پیر 18 جون 2018 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منورحسن نے ہر سال کی طرح اس سال بھی عید کے روز ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے گھر جاکر ان کی والدہ عصمت صدیقی ، ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سمیت دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی اور عافیہ صدیقی کی صحت اور ان کی رہائی کے حوالے سے پاکستانی حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کے حوالے سے بات چیت کی۔

اس موقع پر ان کے ساتھ جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری عبد الوہا ب ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سید منورحسن کے صاحبزادے طلحہ اور دیگر بھی موجود تھے۔سید منور حسن نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ قوم کی بیٹی ایک عرصے سے بے گناہ امریکی جیل میں قید ہے لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت کسی بھی حکمران نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے ہمیشہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے قومی اسمبلی ،سینٹ اور دیگر اداروں میں آواز اٹھائی ہے لیکن بے ضمیر و بے حمیت حکمران امریکا کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر دن رات ظلم ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں مگر کسی حکمران کے پاس ان کی بوڑھی والدہ سمیت اہلخانہ کے دکھوں کا کوئی مداوا نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے پاس اب سنہری موقع ہے نئے انتخابات کے موقع پر عوام میں امیدکی جو کرن پید اہوئی ہے ، عوام دیانت دار اور باصلاحیت لوگوں کو کامیاب کریں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی وطن واپس آسکے۔