ْ جماعت اسلامی کرا چی کی روایتی عید ملن تقریب ، سید منور حسن ،راشد نسیم اور دیگر کی شر کت

پیر 18 جون 2018 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے تحت ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم شوال کو ادارہ نورِ حق میں روایتی عید ملن منعقد ہو ئی جس میں خصوصی طور پر جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن نے شرکت کی۔ عید ملن صبح 11بجے سے نمازِ ظہر تک جاری رہی۔عید ملن میں جماعت اسلامی کے دیگر رہنماؤں، ذمہ داران اور کارکن شریک ہوئے اور ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکبا د دی۔

اس مو قع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امرائ راشد نسیم ،اسد اللہ بھٹو ،امیر جماعت اسلای سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،نائب امراء ڈاکٹر عبدالوسع شاکر ،مسلم پرویز ،برجیس احمد، ڈاکٹر اسامہ رضی ،ڈپٹی سیکریٹرز سیف الدین ایڈوکیٹ ،راشد قریشی ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،امراء ضلع وسطی منعم ظفر خان ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی ، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد ،جمعیت اتحاد العلماء کے مرکزی رہنما قاری ضمیر اختر منصوری ،اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم اعلیٰ حمزہ صدیقی ،JIیوتھ کراچی کے صدر بلال رمضان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کی روایتی عید ملن میں جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے نائب صدر سمیوئل نذیر کی زیر قیادت اقلیتی نمائندوں کے وفد نے شر کت کی اور جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ وفد میں ،پاسٹر محسن ، پاسٹر ڈیوڈ ، پاسٹن روبن راز ، پاسٹر نقاش عباس ، بشپ خادم بھٹو ، بشپ جاوید پال ، اور دیگر شامل تھے۔

اقلیتی نمائندوں نے اقلیتی برادری کی طرف سے جماعت اسلامی کے قائدین کو مٹھائی اور کیک کا تحفہ پیش کیا اور عید کی مبارکباد پیش کی۔دریں اثناء منورحسن ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی۔ منورحسن نے کہاکہ ایم ایم اے کی وجہ سے امیدوں میں اضافہ ہوا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ سب مل کر کام کریں ، مل کر کام کرنے میں برکت ہے ، یہی وجہ ہے کہ مختلف پارٹیوں کے افراد ایم ایم اے میں شامل ہورہے ہیں۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ تمام مذاہب مل کر ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک محفوظ ہیں ، انسانیت سے بالاتر ہونے کی وجہ سے آج مسیحی برادری ہماری خوشیوں میں شریک ہے ، پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ مسیحی برادری کے شکر گزار ہیں جو ہر عید کے موقع پر ہمارے ساتھ شریک ہوتے ہیں جس سے ایک بہترین فضا قائم ہوتی ہے ، ان شاء اللہ وہ نظام ضرور آئے گا ، تمام اہل وطن کو حق ملے گا۔ پاکستان ایسی ریاست ہے جہاں تمام مذاہب کو یکساں حقوق حاصل ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ لبرل و سیکولر طبقے کے خلاف ایم ایم اے کا دست وبازو بنیں۔