Live Updates

راولپنڈی،پی ایچ اے سمیت شہر و چھائونی کے پارکوں اور تفریح گاہوں کی انتظامیہ، ٹھیکیداروںاور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مبینہ ملی بھگت اور دیہاڑ لگائو پالیسی

تمام پارک ملاوٹ مافیا اور گراں فروشوں کے سپرد کر کے اپنی عیدیں بھی کھری کر لیں

پیر 18 جون 2018 20:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ ای)سمیت راولپنڈی شہر و چھائونی کے پارکوں اور تفریح گاہوں کی انتظامیہ، ٹھیکیداروںاور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مبینہ ملی بھگت اور دیہاڑ لگائو پالیسی نے تمام پارک ملاوٹ مافیا اور گراں فروشوں کے سپرد کر کے اپنی عیدیں بھی کھری کر لیں جبکہ سال میں ایک دفع بچوں کومقامی تفریحی مقامات پر لیجانے والے غریب اور متوسط طبقے کے شہری پارکوں کی انتظامیہ اور سٹال ہولڈروں کے ہاتھوں لٹتے رہے پی ایچ اے حکام نے عید الفطر کے موقع پرخطیر لاگت سے راول روڈ پر تیار ہونے والے شہباز شریف پارک کے علاوہ نواز شریف پارک کے دروازے بھی سرشام بند کر کے شہریوں کو فن لینڈ (نواز شریف پارک)اور ایوب پارک سمیت مہنگے پارکوں کی جانب دھکیل دیاشہر اور اس کے مضافات سے بیوی بچوں سمیت آنے والے شہری نواز شریف اور شہباز پارک کے دروازے بند دیکھ کر مایوس لوٹتے رہے تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے انتظامیہ نے عیدا لفطر کے موقع پر شہباز شریف اور نواز شریف پارک کے دروازے مغرب کے وقت ہی بند کر دیئے جبکہ نجی کمپنی کو ٹھیکے پردیا گیا فن لینڈ کے نام سے نواز شریف پارک کا عقبی حصہ شہریوں کے لئے کھلا رکھا گیا جہاں پر پانی کی ایک چھوٹی اورگرم بوتل 40روپے اور لیز کا10روپے والا پیکٹ20روپے میں فروخت ہوتا رہا اسی طرح نیشنل ایوب پارک میں بچوں اور بڑوں کے لئے انٹری کی الگ الگ فیس کے ساتھ تمام پارکوں میں جھولوں کے ٹکٹ بھی 40سی60فیصد اضافے کے ساتھ فروخت ہوتے رہے جبکہ ایوب پارک اورنواز شریف پارک کے فن لینڈ میں انتہائی غیر معیاری اور غیر معروف کمپنیوں کی کولڈ ڈرنکس ، جوسز اور منرل واٹر سمیت دیگر اشیا دھڑلے سے فروخت ہوتی رہیں اس موقع پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں بھی مکمل غائب رہیں اس موقع پر غیر معیاری اشیا کی فروخت یا زائد قیمتوں کی وصولی پر پارکوں کی انتظامیہ اور سٹال ہولڈر مردو خواتین سے انتہائی بدسلوکی کا مظاہرہ کرتے رہے ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات