نگران وزیراعلیٰ کے پی کی سرکاری اداروں کے سربراہان کوغیر جانبدار انتخابات میں متوقع رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت

الیکشن 2018 کے صاف وشفاف انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، دوست محمد خان انتخابات پر اثر انداز ہونے والے ایسے مسائل کی نشاندہی کریں اور انہیں دور کرنے کیلئے حقیقت پسندانہ اقدامات کریں بنوں کی حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف آر بنوں میں فرنٹیر کانسٹیبلری تعینات کی جائے گی تاکہ بہتر سکیورٹی ماحول میں انتخابات کا انعقاد ممکن ہو،تمام محکمے الیکشن کمیشن کے وضع کردہ رہنما اصولوں کی پاسداری کریں،اعلی سطح اجلاس سے خطاب

پیر 18 جون 2018 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ دوست محمد خان نے سرکاری اداروں کے سربراہان کو شفاف، بروقت اور غیر جانبدار انتخابات میں متوقع رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات پر اثر انداز ہونے والے ایسے مسائل کی نشاندہی کریں اور انہیں دور کرنے کیلئے حقیقت پسندانہ اقدامات کریں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ بنوں کی حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف آر بنوں میں فرنٹیر کانسٹیبلری تعینات کی جائے گی تاکہ بہتر سکیورٹی ماحول میں انتخابات کا انعقاد ممکن ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی علاقے بنوں کا دورہ کرنے، عمائدین علاقہ اور عوام سے عید ملنے اوربعدازاں سرکٹ ہاؤس بنوں میں ضلعی انتظامیہ کے سربراہان کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ الیکشن 2018 کے صاف وشفاف انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جس کی ہدایت وہ پہلے دے چکے ہیں۔دوست محمد خان نے انتظامی افسران کو پر امن اور شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے جامع سیکیورٹی پلان دیا۔انہوں نے ڈی آئی جی بنوں کی طرف سے تیار کیا گیا سکیورٹی پلان کو سراہااور کہا کہ صوبائی حکومت بنوں کی حساس نوعیت کے پیش نظر ایف آر بنوں میں مستحکم سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے ایف سی کے دستوں کی تعیناتی، الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کیلئے درکار گاڑیوں کی فراہمی اور ایمرجنسی کیلئے ایمبولنسز کی فراہمی کا انتظام کرے گی۔

موجودہ نگران صوبائی حکومت کا مین ایجنڈا صاف،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے،جو تمام سرکاری اہلکاروں کا آئینی، اخلاقی اور قانونی فریضہ ہے۔حکومتی ادارے انتخابات کے لئے اپنی تیاری بروقت مکمل کر کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں۔تمام محکمے الیکشن کمیشن کے وضع کردہ رہنما اصولوں کی پاسداری کریں۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کسی کو بھی انتخابات پر اثر انداز نہیں ہونے دے گی۔

بروقت او رشفاف انتخابات میں رکاوٹوں کا سدباب کرے گی اور عوام کو سازگار ماحول فراہم کرکے حق رائے دہی کے استعمال کامثالی موقع فراہم کرے گی۔ انتظامیہ مکمل غیر جانبدار رہے تا کہ شفافیت کے لحاظ سے 2018 کے انتخابات مثالی ہوں۔ہمارا مینڈیٹ شفاف اور منصفانہ انتخابات کا غیر جانبدارانہ انعقاد یقینی بنانا ہے۔دوست محمد خان نے ہدایت کی کہ تمام محکمے عوام کو ریلیف فراہم کریں اور ان کو سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں خود دن رات محنت کرتا ہوں اور یہی اخلاص اور جذبہ تمام سرکاری مشینری میں دیکھنا چاہتا ہوں۔یہ عہدہ ہمارے پاس آئین کی روشنی میں امانت ہے، اس میں خیانت یا رکاوٹ نا قابل قبو ل ہے۔