الیکشن مہم کو پرامن رکھنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی ذمہ داری بنتی ہے،شیخ جعفر مندوخیل

پیر 18 جون 2018 20:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ژوب میں الیکشن مہم کو پرامن ماحول اور ایک دوسرے کے عزت واحترام کے ساتھ جاری رکھنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی ذمہ داری بنتی ہے کیونکہ ہم ایک قبائلی معاشرے اور اچھے رسم وروایات کا حصہ ہیں.ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید ملنے والے ژوب کے قبائلی عمائدین کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کیا اس موقع پر مندوخیل عبداللہ زئی اور کبزئی قبائل کے عمائدین نے جعفرمندوخیل سے علاقائی صورتحال اور الیکشن مہم پر بات چیت کی عبداللہ زئی اور کبزئی قبیلے کے عمائدین نے جعفر خان مندوخیل کو اپنے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ عبداللہ زئی اور کبزئی کے علاقہ جات ایک طویل عرصے سے شدید پسماندگی اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ان علاقہ جات کے مسائل پر توجہ نہیں دی گئی ہے اور یہ ان علاقہ جات کی خوش قسمتی ہے کہ اس بار آپ بھی اس حلقہ سے امیدوار ہیںلہذا عبداللہ زئی اور کبزئی کے ووٹ آپ کو دینگے۔

(جاری ہے)

جعفر مندوخیل نے کہا کہ عبداللہ زئی اور کبزئی علاقوں کے معتبرین نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے اور انشاء اللہ کامیابی کی صورت میں ہم دکھائیں گے کہ اس علاقے کی پسماندگی کو کس طرح ختم کرینگے۔جعفر مندوخیل نے کہا کہ پرامن ماحول میں الیکشن ہماری ذمہ داری بنتی ہے اور اس میں ہم سب کو کردار ادا کرناہوگا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں قبائل کے درمیان امن رواداری اور اخوت کو قائم ودائم رکھنے کے لئے سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ 20 جون سے اپنی انتخابی مہم کابھرپور انداز میں آغاز کرینگے اور اس موقع پر ژوب کے نئے حلقہ کے لئے اپنے انتخابی منشور اور ترجیحات کا اعلان بھی کرینگے اور میں شکر گزارہوں کہ نئے حلقے میں شامل مندوخیل اور کاکڑ قبائل کے علاوہ ناصر خروٹی میانخیل صافی اور شہری بھائیوں نے سب نے مجھے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور یہ الیکشن ژوب کے لئے ہمارے خوشحال ژوب مشن کو تقویت فراہم کریگا۔