صدر مملکت ممنون حسین تاجکستان کے چار دن کے سرکاری دورے پر دوشنبے پہنچ گئے

پیر 18 جون 2018 20:20

دوشنبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی دعوت پر چار دن کے سرکاری دورے پر دوشنبے پہنچ گئے۔ دوشنبے پہنچنے پر تاجکستان کے نائب وزیر اعظم ذاکر زادہ محمد طاہرنے صدر مملکت ممنون حسین کا استقبال کیا۔ روایتی کپڑوں میں ملبوس بچوں نے صدر ممنون حسین کو پھول پیش کیے۔ہوٹل پہنچنے پر صدر ممنون حسین کا ایک بار پھر پرجوش استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر تاجکستان کا روایتی قہوہ اور روٹی بھی پیش کیا گیا۔صدر مملکت ممنون حسین کا تاجکستان یہ پہلا دورہ ہے۔ اپنے دورے کے دوران صدر مملکت بیس جون کو ‘‘پائیدار ترقی اور پانی کے وسائل‘‘ کے موضوع عالمی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا انعقاد تاجک حکومت اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے معاشی اور سماجی ترقی کے باہمی اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ نے دو ہزار اٹھارہ سے اٹھائیس کی دہائی کو عالمی سطح پر پانی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کی دہائی قرار دیا ہے۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد آبی وسائل کے تحفظ اور دوسرے متعلقہ اہداف کے حصول کیلئے عالمی سطح پر شراکت داری اور باہمی تعاون کو فروغ دیناہے۔صدر ممنون حسین کا تاجکستان کا دورہ پاکستان کے اپنے ہمسایہ ممالک سے باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے اور خطے کے ممالک میں روابط کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔