پختونوں کی عزت و تحفظ اور بہبود و حقوق کا تحفظ قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے ،آفتاب شیرپائو

پیر 18 جون 2018 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہاہے کہ پختونوں کی عزت و تحفظ اور بہبود و حقوق کا تحفظ قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے اورقومی وطن پارٹی کے ہوتے ہوئے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں قومی وطن پارٹی ضلع مردان کے ایک وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا وفد کی قیادت کیو ڈبلیو پی ضلع مردان کے رہنماء بشیر خان ایڈوکیٹ کر رہے تھے۔

اس موقع پر ضلع مردان کے صوبائی اسمبلی حلقہ PK-53کے امیدوار ولایت خان نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپائو نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پختونوں کے حقوق و تحفظ اور بہبود کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے مختلف سیاسی جماعتوں کو آزمایا مگر ان کے معیار پر کوئی بھی پورا نہ اتر سکا جس کی وجہ سے وہ ان سے مایوس ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ 2013کے انتخابات میںپی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پراقتدار حاصل کیا مگر ان کی تبدیلی دھوکہ کے سوا کچھ نہیں کیونکہ گزشتہ پانچ سالوں میں صوبہ کی تعمیر و ترقی اور پختونوں کے بہبود و حقوق کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور پختونوں کومحض دھرنوں اور اسلام میں اقتدار کے حصول کیلئے استعمال کیا۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ اور ہر فورم پر پختونوں کی حالت بدلنے کیلئے عملی جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ آفتاب شیرپائو نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام ایک تاریخی سنگ میل ہے جس سے دہائیوں سے پسماندہ رہ جانے والے قبائلی عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد وہاں پر قانونی اور انتظامی مشینری کو فعال بنانا چاہیے تاکہ قبائلی عوام کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد ضروری ہے کہ وہاں کے پسماندہ علاقوں کی جانب بھرپور توجہ دی جائے تاکہ ان علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کارکن 2018کے انتخابات کیلئے اپنی سرگرمیاں مزید تیز کردے اور پارٹی منشور اور پروگرام گھر گھر پہنچائے۔