Live Updates

خیبرپختونخوا میںعید الفطرمذہبی جوش وجذبے اورعقیدت واحترام کیساتھ منائی گئی

عید اجتماعات کے دوران ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں،سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات

پیر 18 جون 2018 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) خیبرپختونخوا میںعید الفطرمذہبی جوش وجذبے اورعقیدت واحترام کیساتھ منائی گئی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق اکثریت لوگوں نے عیدہفتہ کے روزمنائی صوبائی دارالحکومت پشاور کی عیدگاہ میں نمازعیدکاسب سے بڑااجتماع ہوا جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز عیدالفطر ادا کی اس کے بعد اجتماعات میں فلسطین، شام، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

عید اجتماعات کے دوران ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ یاد رہے کہ مسجد قاسم علی خان کے خطیب شہاب الدین پوپلزئی جو پاکستان میں چاند کی رویت کمیٹی سے قبل ہی رمضان المبارک، عید الفطر اور عید الضحیٰ کے چاند کا اعلان کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں، کی زیرصدارت کمیٹی نے جمعہ کے روز عید منانے کا فیصلہ کیا تھاجس کے پیش نظر پشاور سمیت نوشہرہ، بنوں، کوہاٹ، چارسدہ، ہنگو اور مردان سمیت مختلف مقامات پرجمعہ کے روز نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

عیدالفطر کے دوران پشاورشہرمیں امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے عید گاہوں، تمام حساس مساجد ، تفریحی مقامات ، اہم دفاتر، بازاروں اور بس سٹینڈ وغیرہ کی سیکیورٹی پر 3000 سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے تھے شہر کے گنجان آبادبازاروں میں سنیفرڈاگز، لیڈیز پولیس اہلکاراور بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس بکتر بند گاڑیاں گشت کرتی رہیں اس کے علاوہ عید گاہوں اور تمام حساس مساجد میں باوردی اہلکاروں کے علاوہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکار وں نے ڈیوٹیاں سرانجام دیں سکیورٹی کے خاطرخواہ انتظامات کی بدولت خیبرپختونخوامیں عیدالفطرکے موقع پر کوئی بڑاناخوشگوارواقع رونما نہیں ہوا۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات