میئر کراچی وسیم اختر نے عید الفطر کی نماز گلشن جناح ( پولو گرائونڈ) میں ادا کی

عید مسلمانو ں کا سب سے بڑا تہوار ہے، اس موقع پر اتحاد و یکجہتی، اخوت و مساوات، اور امن وآشتی کو فروغ دینا چاہئے

پیر 18 جون 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے عید الفطر کی نماز گلشن جناح ( پولو گرائونڈ) میں ادا کی، اس موقع پر انہو ںنے تمام مسلمانوں خصوصاً کراچی کے شہریوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عید مسلمانو ں کا سب سے بڑا تہوار ہے، اس موقع پر اتحاد و یکجہتی، اخوت و مساوات، اور امن وآشتی کو فروغ دینا چاہئے، عید کے موقع پر غریب اور نادار لوگوں کا خیال رکھنا بھی ہم سب کا فرض ہے عیدالفطرکے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنے شہر کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں گے اور اس کی تعمیر و ترقی اور دیکھ بھال میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ، بلدیہ عظمی کراچی کے زیرانتظام شہر میں نماز عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح (پولو گرائونڈ) میں منعقد ہوا جہاں گورنر سندھ محمد زبیر، میئر کراچی وسیم اختر، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سابق رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن ، محفوظ یار خان، قمر منصور، ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، مرزا اختیار بیگ، مرزا اشتیاق بیگ کے علاوہ حکومت سندھ کے سیکریٹریز ، منتخب بلدیاتی نمائندوں اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی، امامت کے فرائض خطیب جامع مسجد کے ایم سی مولانا محمد احمد سلیمی انجام دیئے۔

(جاری ہے)

پولو گرائونڈ میں نماز عید کے اجتماع کے موقع پر اسلامی ملکوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے ان ممالک کے پرچم بھی لگائے گئے تھے۔