گزشتہ کے مقابلے میں آئندہ انتخابات کیلئے امیدواروں کی تعداد میں تقریباً 7 ہزار کی کمی واقع ہوئی

پیر 18 جون 2018 19:10

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) 2018 کے عام انتخابات میں 2013 کے مقابلے میں انتخابات لڑنے کے رجحان میں کمی دیکھی گئی ہے ۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 اور 2013 میں کاغذات نامزدگیوں کا موازنہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق 2018 کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد 2013 کے مقابلے میں کم ہے۔

آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی تعداد میں تقریباً 7 ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے۔ رواں سال ہونے والے انتخابات کے لئے 21ہزار 482 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے جبکہ 2013 میں میں 28ہزار 302 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے تھے۔الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018 میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 2013 کی نسبت 2 ہزار 523 کم کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے لئے 2013 میں 7ہزار 996 اور 2018 میں 5 ہزار 473 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔

قومی اسمبلی کے لئے خیبرپختونخوا ہ سے 398، بلوچستان سے 4، پنجاب سے ایک ہزار 460 اور سندھ 662 کاغذات نامزدگی کم جمع ہوئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق حالیہ انتخابات میں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لئے گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں 5 ہزار 132کاغذات نامزدگی کم جمع ہوئے، سندھ اسمبلی کے لیے ایک ہزار 587، پنجاب اسمبلی کے لئے 2 ہزار 645، بلوچستان اسمبلی کے لئے 248 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے 652 کاغذات نامزدگی گزشتہ انتخابات کی نسبت کم ہوئے۔