شہدا ء کی لازوال قربانیوںکی کبھی فراموش نہیں کریں گے ‘ کلیم امام

آئی جی پنجاب نے شہدائے پولیس کی یادگار پر پھول چڑھائے ،درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی

پیر 18 جون 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سید کلیم امام نے کہا ہے کہ قوم کے مستقبل کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پنجاب پولیس کا قابل فخرسرمایہ ہیںجن کے لواحقین کے عز م و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار عید کے پر مسرت لمحات میں انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،شہدائے پولیس کے لواحقین کی بہترین ویلفیئر پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد یاد گار شہدا ء پر حاضر ی دینے کے بعد کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی سی پی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد امین وینس ،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان، ڈی آئی جی آپریشنز، سجاد حسن منج ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر معین مسعود، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ، سلطان احمد چوہدری ،ایس ایس پی آپریشنز لاہور منتظر مہدی، سی ٹی او لاہور رائے اعجاز، ایس پی سیف سٹی محمد نوید،ایس پی ہیڈ کواٹرز عاطف نذیرسمیت دیگرحاضر سروس و ریٹائرڈ افسران و اہلکار موجود تھے۔

آئی جی پنجاب نے شہدائے پولیس کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہدا ء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پر انہوں نے پولیس لائنز کے ملازمین اور شہدا ء کے بچو ں میں عیدی تقسیم کی اور عید کی مناسبت سے دئیے گئے بڑے کھانے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس ایک خاندان کی مانند ہے جس کے اراکین کے غم اور خوشیاں برابر ہیں اورپنجاب پولیس اپنی1400 سے زائد شہدا ء کی لازوال قربانیوںکی کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کے بچوں کا تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا انتہائی ضروری ہے جس کے لئے ادارے کے تمام وسائل حاضرہیں شہدا ء کے بچوں کو قابل اورکسی کا محتاج نہ بنانا محکمے کا عزم ہے اور شہدا کی فیملیز اپنے آپ کو ہرگز تنہا نہ سمجھیں۔