Live Updates

عمران خان پر جھوٹے الزام لگانے والوں کیخلاف کذب کا کیس دائر کر کے سزا دلوائیں گے‘بابر اعوان

سیتا وائٹ کی بیٹی نے عمران خان پر کبھی کوئی دعویٰ دائر نہیں کیا پاکستان میں موجود ٹیریان کے نانوں کو بہت تکلیف ہورہی ہے ضلعوں میں بھی بیورو کریسی تبدیل کی جائے ۔بلدیاتی سیٹ اپ کو معطل کیا جائے‘تحریک انصاف کے رہنما کی میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جون 2018 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان پر جھوٹے الزام لگانے والوں کیخلاف کذب کا کیس دائر کر کے سزا دلوائیں گے،سیتا وائٹ کی 26 سالہ بیٹی نے عمران خان پر کبھی کوئی دعویٰ دائر نہیں کیا لیکن پاکستان میں موجود ٹیریان کے نانوں کو بہت تکلیف ہورہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف پٹیشن نہیں تہمت لگائی جارہی ہے، آج نواز شریف کے پیسے نے ثابت کیا کہ وہ بولتا ہے، کسی کی ذاتی زندگی پر الزامات پر حد کذب لگتی ہے اور ہم جھوٹے الزام لگانے والوں کے خلاف کذف کا کیس دائر کر کے سزا دلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیتا وائٹ کی 26سالہ بیٹی ٹیریان وائٹ نے عمران خان پر کبھی کوئی دعویٰ دائر نہیں کیا لیکن پاکستان میں موجود ٹیریان کے نانوں کو بہت تکلیف ہورہی ہے، ہم میڈیا ٹرائل سے نہیں گھبرائیں گے،سنسنی پھیلانے اور اسکینڈلز والے غیر ملکی اخبارات کے حوالے پیش کئے جا رہے ہیں، کوئی باعزت شخص ایسے رسالوں کو نہیں پڑھتا، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے بے نظیر بھٹو کی جعلی تصاویر جہازوں سے پھینکیں۔

(جاری ہے)

بابر اعوان نے کہا کہ امریکہ میں شاہد خاقان عباسی کا پورا لباس اتارا گیا کوئی نہیں بولا لیکن عمران خان نے مدینہ منورہ میں جوتے اتارے تو پروپیگنڈہ شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا میں 3 سے زائد افراد نے ڈیٹا لیک کیا جس کی وجہ سے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین نادرا کی برطرفی کے لئے خط بھی لکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نگران وزیراعلی پنجاب سے درخواست کرتے ہیں کہ ضلعوں میں بھی بیورو کریسی تبدیل کی جائے اور بلدیاتی سیٹ اپ کو معطل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 25جولائی کو آنے والی تبدیلی کو نہیں روکا جا سکتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات