امت مسلمہ بالعموم اور پاکستان بالخصوص روشن مستقبل کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، راشد نسیم

کراچی میں جبر کا دور ختم ہوا ہے، 2018امید کی نئی کرن لے کر نمودار ہوا ہے، عوام اپنے خدمتگاروں کو ڈھونڈ رہے ہیں، حافظ نعیم

پیر 18 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) امت مسلمہ بالعموم اور پاکستان بالخصوص روشن مستقبل کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔ معاشرے میں اسلامی شعائر میں واضح طور پر اضافہ ہوا ہے۔ تراویح کے اجتماعات بڑھ گئے ہیں، چہروں داڑھیاں سجی نظر آتی ہیں، اور عورتوں کے سر با رِدا ہونے لگے ہیں۔ مساجد میں جائیں تو اعتکاف کے لیے جگہ پہلے سے مختص کروانی پڑتی ہے۔

یہ سب روشن مستقبل اور اسلام کی نوید نہیں تو اور کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اور نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے جمعیت کراچی کے تحت جامعہ اردو گلشن کیمپس میں منعقدہ روایتی عید ملن میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل کراچی حافظ نعیم الرحمن اور معروف شعراء کرام سمیت کارکنان، سابقین اور احبابِ جمعیت کی بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی گزشتہ تین دہائیوں سے جس جبر کی فضا میں جی رہا تھا اب اس کا خاتمہ ہوا ہے۔ 2018 میں ہونے والے انتخابات گزشتہ انتخابات سے بہت مختلف ہوں گے۔ عوام بھی اس آس میں ہے اب کہ کراچی سے وفا کرنے والے عوام کے خدمت گاروں کو منتخب کریں۔ اب ضرور ت اس امر کی ہے کہ اسلامی تحریک آگے بڑھے اور دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے اور اپنے آپ کو اہم ذمہ داریوں کو سنبھالنے کے لیے تیار کرے۔

کارکنانِ جمعیت کو بھی اس ضمن میں اپنے جواں جزبوں کو لیکر میدان مارنے کی تیاری کرنی ہوگی۔ عید ملن کے پہلے دور میں مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت معروف صاحب طرز شاعر سعید آغا نے کی ۔ اس مشاعرے میں معروف شعراء کرام عبدالحکیم ناصف، سیمان نوید، عمران شمشاد، عبدالمجید محور، نجیب ایوبی، زاہد عباس ، نعیم الدین نعیم اور چاند علی چاند سمیت نوجوان شعراء کرام عزیر جیلانی، ثانی سیداورغازی صدیقی نے اپنے فن کا اظہار کیا۔

شرکاء شعرا کرام کے کلام محظوظ ہوئے۔ مشاعرے کی نظامت عبدالرحمٰن مومن نے کی۔ مشاعرے کے بعد دوسرے دور کے آغاز پر ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حمزہ محمد صدیقی نے آنے والے احباب و کارکنان اور مہمانان کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کے اس پر مسرت موقع پر جہاں ہم رمضان کی مبارک ساعتیں گزار کر پہنچے ہیں، ہمیں رمضان کے اس سبق کو بھول نہیں جانا چاہیے ہے، تقویٰ ، للہیت، عفو و درگزر اور صبر کی جن منازل کو ہم طے کر چکے ہیں اب ہمیں ان سے پیچھے نہیں ہٹنا بلکہ آگے کی جانب سفر کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ اپنے اندر بیش بہا صلاحیتیں رکھتے ہیں ۔ اپنی ان صلاحیتوں کو بروئے کار لایے اور تحریک اسلامی کے ہراول دستہ ہونے کا ثبوت دیجیے۔ آنے والے انتخابات یقینان اس شہر کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہوں گے۔ تقریب کی اختتام پر شرکاء کے لیے لذت کام و دہن کا انتظام کیا گیا تھا۔ مہمانان نے جمعیت کی اس روایت کو سراہا اور مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔