امن و امان کے تسلسل کو یقینی بنانے میں وفاقی حکومت کا اہم کردار ہے ۔ گورنرسندھ

مستحکم معیشت، روزگار کے مواقع، توانائی بحران کا خاتمہ اور سماجی شعبہ کی ترقی گذشتہ حکومت کے اہم ترین کارنامے ہیں۔محمد زبیر سابق نمائندوں کی کارکردگی واضح ہے ،عوام کو اس کی بنیاد پر اپنے ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے۔ عید الفطر کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی مربوط اور جامع کاوشوں کے نتیجہ میں قائم کئے گئے امن و امان کے تسلسل کو یقینی بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح (اولڈ پولو گرائونڈ) میں نماز کی ادائیگی کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

میئر کراچی وسیم اختر، کمشنر کراچی اعجاز خان ، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور عوام کی بڑی تعداد نے بھی باغ جناح میں نماز عید ادا کی۔ گورنر سندھ نے پاکستان بالخصوص صوبہ کے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر ہمیں خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ غریب، نادار اور ضرورت مند مسلمانوں کی جانب توجہ دینے کا بھی درس دیتی ہے تاکہ وہ بھی اس پر مسرت تہوار میں شریک ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے 2013کی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 ء کے مقابلہ میں زیادہ محفوظ اور معاشی ترقی کی سمت گامزن ہے، مستحکم معیشت، روزگار کے مواقع، توانائی بحران کے خاتمے اور سماجی شعبہ کی ترقی گذشتہ حکومت کے اہم ترین کارنامے ہیں، گذشتہ پانچ برس کے دوران صوبوں میں مختلف جماعتوں کی حکومتیں رہی ہیں ان کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، عوام کو کارکردگی کی بنیاد پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے، بہتر فیصلہ ملک و قوم کی تقدیر سنوارنے میں اہم ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے، صحافت پر قدغن لگانے کا وقت گزر چکا ہے آج کا میڈیا مکمل آزاد اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے، جمہوریت کے قیام میں صحافت کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ آئندہ آنے والے انتخابات کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ 25جولائی 2018 ئملک کی تاریخ کا انتہائی اہم ترین دن ہے اس روز عوام اگلے پانچ برس کے لئے قومی قیادت کا انتخاب عمل میں لائیں گے،اچھی قیادت قومی معیشت سے سماجی شعبہ جات کی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں معاون و مددگارثابت ہوسکتی ہے اس ضمن میں میڈیا کو چاہئے کہ وہ اصل حقائق سے عوام کو آگاہ کریں تاکہ عوام کو اچھی قیادت کے انتخاب میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنے پڑے ، ملک و قوم کی ترقی ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے آئندہ ہونے والے عام انتخابات اہم اور فیصلہ کن ثابت ہونگے۔

ایک اور سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے واضح کیا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے بلاتفریق ملاقات کرتا ہوں اور یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ میں صرف ایک جماعت سے ملتا ہوں آج آپ لوگ دیکھ سکتے ہیں کہ تمام جماعتوں کے قائدین یہاں موجود ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ میئر کراچی ایک متحرک شخصیت کے مالک ہیں جو کہ کراچی کی عوام کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت نے کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت چار بڑے منصوبوں کا اعلان کردیا ہے ان منصوبوں میں 2.35 ارب روپے تخمینی لاگت سے سخی حسن، فائیو اسٹار اور بورڈ آفس پر فلائی اورز تعمیر کئے جائیں گے، 3.5ارب روپے کی تخمینی لاگت سے منگھو پیر روڈ دو مراحل میں مکمل ہوگا اور 860ملین روپے کی تخمینی لاگت سے نشتر روڈ تعمیر کیا جائے گا جبکہ 1.9 ارب روپے سے شہر میں فائر فائٹنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔