کراچی کے شہریوں نے بھی عید الفطر بھرپور جوش و جذبے سے منائی ، موسم انتہائی خوشگوار رہا

تفریح مقامات پر عوام کا بے تحاشا رش، گھروں میں دعوتیں، دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح او ر موج مستی کرکے عید خوشیوں کا مزہ دوبالا کیا اور یا د گا ر بنالیا

پیر 18 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) کراچی کے شہریوں نے بھی عید الفطر بھرپور جوش و جذبے سے منائی ، موسم انتہائی خوشگوار رہا، تفریح مقامات پر عوام کا بے تحاشا رش، گھروں میں دعوتیں، دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح او ر موج مستی کرکے عید خوشیوں کا مزہ دوبالا کیا اور یا د گا ر بنالیا۔تفصیلات کے مطابق رسم و رواج کے قائل اہلیان کراچی خوشی کے موقع پر بھی اپنے مرحومین کو نہیں بھولے ،نماز عید الفطر کی ادائیگی کے بعد شہریوں کی اکثریت نے شہر کے مختلف قبرستانوں کا رخ کیا،اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول ڈالے اور ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ، بعد ازاں شہری اپنے عزیزوں و اقارب،دوست احباب سے ملنے کے لیے ان کے گھر گئے اور دعوتوں کے اہتمام کا سلسلہ شروع ہوگیا،برسا برس سے رائج کراچی کی تہذیب و ثقافت میں رشتہ داروں کی مہمان نوازی کے لیے شیر خورمہ تیار کیا جاتا ہے ،اس عید پر بھی گھر آئے مہمانوں کی خاطر تواضع مٹھائی، کچوریوں ،نمکو اور شیر خورمہ سے کی گئی، عید الفطر کا پہلا روز شہرکی اہم شاہراوں پر ٹریفک معمول سے کم رہا،دن ڈھلنے کے بعد شہریوں نے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ تفریح مقامات کا رخ کیا جس کے باعث تمام تفر یحی مقامات پر شہریوں کا اژدہام دیکھنے میں آیا، فوڈ اسٹریٹس پر تل دھرنے کی بھی جگہ نہ رہی۔

(جاری ہے)

عوام کے مختلف طبقوں نے عید کے تینوںدن تفریح گاہوں میں اپنا وقت گزارا، بچے، بزرگ،جوان اورخواتین کی اکثریت نے چڑیا گھر ، باغ ابن قاسم،سفاری پارک،سی ویو،عسکری پارک ،مزار قائد، الہ دین پارک اور دیگر علاقوں میں قائم پلے گراونڈز میں جا کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا، کراچی کی مشہور فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ،حسین آباد، بوٹ بیسن اور گلستان جوہر کے ریسٹورانٹ میں شدید رش کی وجہ سے تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی ، شہریوں نے بار بی کیو، روایتی پاکستانی کھانو ں و دیگر لذیذ پکوان سے عید کو یاد گار بنایا ، موبائل فون سے خوب سیلفیز بنائیں ،باالخصوص ساحل سمندر پر عوام کا ٹھاٹے مارتا سمندر نظر آیا ۔

ہزاروں کی تعداد میں شہری ساحل سمندر پہنچ گئے ۔اہلخانہ کے ساتھ موسم اور سمندر سے لطف اندوز ہوئے، بچوں نے بھی ساحل پر خوب مزے کیے۔شہر میں سمندر کا کنارہ تفریح کے لیے بڑا مرکز ہے جہاں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔چھٹی کا دن، اپنوں کا ساتھ اور سمندر کا خوبصورت منظر ہوتو دن تو اچھا گزرے گا ہی۔ کراچی کے منچلے شہریوں نے عید کی چھٹی کا آخری دن سمندر پر گزار کر اسے یادگار بنایا۔دوسری جانب عید الفطر کے ایام میں بھی شہر کے بعض علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے ، بیشتر مقامات سے کچرا نہیں اٹھایا جاسکا۔