ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی عید الفطر جوش و جذبے سے منائی گئی

شہر میں تین ہزار سے زائد مساجد وامام بارگاہوں ، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پر ور اجتماعات منعقد ہوئے نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی سلامتی واستحکام ،امت مسلمہ کی سر بلندی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں

پیر 18 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی عید الفطر جوش و جذبے سے منائی گئی۔ شہر میں تین ہزار سے زائد مساجد وامام بارگاہوں ، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پر ور اجتماعات منعقد ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ،علماکرام نے نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی سلامتی واستحکام ،امت مسلمہ کی سر بلندی، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابی ، امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی ۔

عید کے مرکزی اجتماعات کے لیے شہر میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔عید الفطر کا آغاز شہریوں نے نماز عید کی ادائیگی اور غریبوں و مستحقین میں فطرے کی رقم کی ادائیگی سے کیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اسٹیٹ گیسٹ ہاوس کی مسجد میں نماز عید پڑھی۔

(جاری ہے)

عید الفطر کا اہم اور مرکزی اجتماع پولو گراونڈ میں منعقد ہوا جہاں گورنر سندھ ،میئر کراچی،ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمافاروق ستار ،خالد مقبول صدیقی ،عامر خان، خواجہ اظہار الحسن، کمشنر کراچی، چیف سیکر یٹری،معززین اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ نماز عید کے بڑے اور قابل ذکر اجتماعات ناظم آباد عید گاہ گراونڈ،نیشنل اسٹیڈیم،نشتر پارک، آرام باغ ، فیضان مدینہ، نیو میمن مسجد، دار العلوم کراچی ،ریلوے سٹی گراونڈ، عید گاہ مسجدجامع کلاتھ مارکیٹ و دیگر مقامات پر منعقد ہوئے۔ان اجتماعات میں علمانے پاکستان کی سلامتی و استحکام ، امن ، مسلم امہ کی سر بلندی،دہشت گردی کے خاتمے،پاک فوج کی کامیابی، امن و امان کی بحالی اور قدرتی آفات سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ، عید کے مرکزی اجتماعات کے لیے خصوصی سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے ۔شہر کی مرکزی مساجد اور عید گاہ کے باہر رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعینات کی گئی تھی ۔