ٹریفک پولیس افسر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک پر ڈکیتی کرنے والے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا

پیر 18 جون 2018 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) ٹریفک پولیس افسر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک پر ڈکیتی کرنے والے ملزم کو پکڑ کر ملیر سٹی پولیس کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ٹریفک سیکشن قائدآباد کا سب انسپکٹر محمد اکرم عید کے دوسرے روز اتوار کو انور بلوچ ہوٹل کٹ پر معطل ٹریفک کو کلیئر کرانے میں مصروف تھا کہ اس دوران اس نے موٹر سائیکل پر سوار ایک ڈکیت کو موٹر سائیکل سوار کو اسلحہ کے زور پر لوٹتے ہوئے دیکھا۔

جس پر اس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو پکڑلیا جس کے بعد شہری بھی پولیس افسر کی مدد کے لئے پہنچے اور ڈاکو کو قابو کرکے تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں ٹریفک پولیس اہلکار نے ملیر سٹی پولیس کو اطلاع دی تو پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ملزم عادل کو بمع موٹر سائیکل واسلحہ گرفتار کرلیا۔