ناظم آباد، رکشے اور موٹر سائیکل میں تصادم، ماں بیٹی جاں بحق، 4 افراد زخمی

پیر 18 جون 2018 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) نارتھ ناظم آباد میں ٹریفک حادثے میں ماں بیٹی جاں بحق جبکہ 2 بچیوں اور خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شارع نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد میں عبداللہ کالج کے قریب اتوار کی شب تیز رفتار آٹو رکشہ اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس کے بعد رکشہ پول سے ٹکراگیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی دو خواتین جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد شہریوں نے جاں بحق اور زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق متوفیاں کی شناخت 48 سالہ حرمت زوجہ ارشاد منیر اور 28 سالہ تسبیعہ دختر ارشاد منیر کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 14 سالہ ثمابیہ دختر ارشاد منیر، 18 سالہ تنزیلہ دختر ارشاد منیر، 60 سالہ نسرین زوجہ مہتاب اور رکشہ ڈرائیور 25 سالہ دانش ولد شفیع شامل ہیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ جاں بحق وزخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور وہ اورنگی ٹائون کے رہائشی ہیں جو اپنے رشتہ داروں سے ملنے ناظم آباد نمبر 3 جارہے تھے کہ رکشہ تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے سپرد کردیں۔