اینٹی کار لفٹنگ سیل کی ماہ رواں کے دوران تیسری بڑی کارروائی، بین الصوبائی گروہ کے 3 کارندے گرفتار، دو کاریں برآمد کرلی گئیں

پیر 18 جون 2018 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) اینٹی کار لفٹنگ سیل کی ماہ رواں کے دوران تیسری بڑی کارروائی، بین الصوبائی گروہ کے 3 کارندے گرفتار، دو کاریں برآمد کرلی گئیں۔ ایس ایس پی اے سی ایل سی اسد رضا کے مطابق عملے نے فورکے چورنگی کے قریب کارروائی کے دوران بین الصوبائی کار لفٹنگ گروہ کے 3 کارندوں ندیم عباس، احسان علی عرف ریاض اور محمد عظیم کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان کے قبضے سے تیموریہ اور نیو ٹائون کے علاقے سے چوری کی گئی 2 کاریں برآمد کرلی گئیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کراچی سے کاریں چوری کرکے سکھر، شکارپور اور پشاور لے جا کر فروخت کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گروہ میں شامل ملزم رستم ودیگر اے سی ایل سی کے ہاتھوں اپریل میں گرفتار ہو کر جیل جاچکے ہیں۔ پکڑے گئے ملزمان نے تیموریہ کے علاقے سے یکم جون کو کار نمبر ARV=816 چوری کی اور بکھر میں عرفان نامی شخص کو 130000 میں فروخت کی۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر سکھر سے چوری کاروں کے خریدار ملزم رسول بخش بروہی کو بھی گرفتار کرلیا۔ ملزم رسول بخش نے دوران تفتیش 100 سے زائد کاریں خریدنے کا اعتراف کرلیا۔