عیدالفطر کے پہلے روز شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ،11 زخمی ہوگئے

پیر 18 جون 2018 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) عیدالفطر کے پہلے روز شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق موچکو تھانے کی حدود لکی چڑھائی کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار نمبر BSC-884 حفاظتی دیوار سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں کار سوار خاتون سمیت 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق متوفیان کی شناخت 22 سالہ ارمیلا زوجہ دلیپ اور 42 سالہ ہریش ولد لکپت کے نام سے ہوئی ہے اور وہ رام سوامی کے رہائشی تھے جبکہ زخمیوں میں 45 سالہ نولال، 18 سالہ کومل، 50 سالہ ساوتری، 24 سالہ دلیپ، 4 سالہ عائشہ کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ہے۔ عوامی کالونی تھانے کی حدود مرتضیٰ چورنگی کے قریب ون ویلنگ کے دوران موٹر سائیکل بے قابو ہو کر رینجرز کی چوکی سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 16 سالہ اظہر ولد آصف کے نام سے ہوئی ہے اور وہ مرتضیٰ چورنگی ندی کے قریب گوٹھ کا رہائشی تھا۔ ملیر چیک پوسٹ نمبر 6 کے قریب رکشہ الٹنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ماں باپ اور تین بچے شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔