کراچی کے ساحل سمندر ہاکس بے سینڈزپٹ پر پکنک منانے کے لئے جانے والے 2 نوجوان ڈوب گئے

پانی کے تیز بہائو کے باعث لاشوں کو تلاش کرنا مشکل ہے اور سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی ہے، پولیس

پیر 18 جون 2018 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) کراچی کے ساحل سمندر ہاکس بے سینڈزپٹ پر پکنک منانے کے لئے جانے والے 2 نوجوان ڈوب گئے۔ محمود آباد میں نالے سے ڈوبی ہوئی لاش ملی۔ تفصیلات کے مطابق باسی عید کے روز ہاکس بے سینڈزپٹ میں سمندر میں نہانے والے دو نوجوان 22 سالہ اسامہ ولد ارقم زین اور 18 سالہ فراز تیز لہروں کی زد میں آکر ڈوب گئے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ صبح کو 9 بجے پیش آیا اور شام کو اندھیرا پھیلنے تک دونوں نوجوانوں کی لاشیں نہیں مل سکیں۔ اطلاع ملنے متوفیان کے درجنوں دوست اور رشتہ دار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ موقع پر موجود لواحقین نے کہا کہ لاشوں کو تلاش کرنے کے لئے صرف دو غوطہ خور جائے وقوعہ پر مصروف تھے۔ لواحقین نے مطالبہ کیا کہ تلاش کے کام کے لئے اسپیڈ بوٹ لائے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈوبنے والا نوجوان اسامہ عزیز آباد اور فراز نارتھ ناظم آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ متوفی فراز کی بہن کی تین بعد شادی ہے۔ بھائی ارشد کے مطابق فراز اور اسامہ آپس میں دوست ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ پانی کے تیز بہائو کے باعث لاشوں کو تلاش کرنا مشکل ہے اور سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی ہے۔ اس سلسلے میں ہاکس بے پر فائر بریگیڈ، ریسکیو سینٹر کے انچارج محمد معراج کے مطابق واقعہ منوڑہ کنٹونمنٹ کی حدود میں پیش آیا۔ محمود آباد تھانے کی حدود اعظم ٹائون میں نالے سے 25 سالہ شخص سلیم مسیح ولد پطرس مسیح کی ڈوبی ہوئی لاش برآمد کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے جناح اسپتال لایا گیا۔