ابوالحسن اصفہانی میٹروول کٹ کے قریب مسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا

پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم اور اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی

پیر 18 جون 2018 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) ابوالحسن اصفہانی میٹروول کٹ کے قریب مسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم اور اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹائون تھانے کی حدود بھاشای گوٹھ، میٹروول کٹ کے قریب مسلح ملزمان نے شہری سے لوٹ مار کرکے ایک شخص سے موٹر سائیکل بھی چھین لی اور فرار ہونے لگے تو شہری کی مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فیملی کے ساتھ کار نمبر AVG-687 میں مذکورہ مقام سے گزرنے والے نوجوان کے سر میں گولی لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

فائرنگ کی آواز اور شور شرابے پر قریب ایس پی کے اسکواڈ میں موجود پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 22 سالہ معصب علی خان ولد مسعود حسن کے نام سے ہوئی ہے اور وہ چار بہنوں کا اکلوتا بھائی اور بی کام کا طالب علم تھا۔ مقتول گلشن اقبال میٹروول بلاک 3 مکان نمبر L-2725 کا رہائشی تھا۔ عید کے روز اپنی والدہ اور بہنوں کے ہمراہ رشتہ د اروں کے گھر عید ملنے جارہا تھا کہ سر میں گولی لگنے کے سبب چل بسا۔ پولیس نے زخمی ملزم کے ایک اور ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا جو کہ زخمی ملزم کو اسپتال لایا تھا جبکہ جس شہری کی موٹر سائیکل چھین کر ملزم فرار ہوگئے تھے اس نے بھی ملزم کی شناخت کرلی ہے۔

ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس سلسلے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ واقعے کی تفتیش مکمل ہونے تک 5 پولیس اہلکاروں کو بھی حراست میں لیا گیاہے۔