بیرونی سازشوں کی موجودگی میں ذاتیات پر الیکشن سے انتشار پیدا ہو گا، سیاستدان متحد ہو جائیں، چودھری شجاعت حسین

لیگ کے بیانیہ کی طرح ڈالر بے لگام، بجلی بھی ساتھ لے گئی، اب اپنے کئے کا حساب دینا ہو گا، چودھری پرویزالٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جون 2018 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بیرونی سازشوں کی موجودگی میں ذاتیات کی بنیاد پر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں اس سے انتشار پیدا ہو گا، تمام سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ متحد ہو جائیں۔ وہ سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، مونس الٰہی، شافع حسین، حسین الٰہی اور مسلم لیگی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عیدالفطر اور عیدالاضحی کے درمیان ملک کے فیصلے ہونے ہیں لیکن اس وقت ملک کے خلاف بیرونی سازشیں ہو رہی ہیں، ایسے حالات میں جو الیکشن ہوں گے اس کے نتائج سے انتشار پیدا ہو گا، ذاتیات پر الیکشن ہونے ہیں تو ان کا کوئی فائدہ نہیں ملک کی سلامتی سب سے پہلے ہونی چاہئے اس لیے تمام سیاستدانوں کو میرا مشورہ ہے کہ سب مخالفت چھوڑ کر اکٹھے ہو جائیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آ چکا ہے، ڈالر کا ریٹ اوپر جانے سے عام آدمی کو بہت فرق پڑ رہا ہے، میرے خیال میں عوام کے پاس اس وقت سنہری موقع ہے کہ ن لیگ سے اس سے عوام دشمن اقدامات پر انتخابات میں بدلہ لیں، لوڈشیڈنگ نے معیشت کو تباہ کر دیا، ڈالر مسلم لیگ ن کے بیانیہ کی طرح بے لگام ہو چکا ہے، ن لیگ نے ملک کو معاشی طور پر برباد کر دیا ہے، ن لیگ نے جو کرنا تھا وہ کر چکی اب اس کا حساب دینے کا وقت آ گیا ہے، نوازشریف کو ان کی سیاسی ہٹ دھرمی نے موجودہ صورتحال پر لا کھڑا کیا ہے، اب ن لیگ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کی کوئی گنجائش نہیں، اسے 25 سالہ اقتدار کا اب حساب دینا ہو گا، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کرنے والے اقتدار کے خاتمے کے ساتھ ہی بجلی بھی ساتھ لے گئے، ن لیگ کی اداروں کے خلاف مہم پر عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے، دونوں بھائیوں کی پالیسیاں عجیب ہیں، نوازشریف اداروں پر تنقید میں مصروف ہیں تو شہبازشریف بیک ڈور رابطوں میں منت سماجت میں کوشاں ہیں، عوام اب سوچ سمجھ کر ووٹ دیں اور ایسے افراد کا چنائو کریں جو ان کے حق میں بہتر ہوں، پاکستان مسلم لیگ کو ووٹ دیں، ہم نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی، آئندہ بھی کریں گے۔

چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور خاندان کے دیگر افراد نے نماز عید گجرات میں ادا کی اور چودھری ظہورالٰہی شہید اور چودھری منظور الٰہی مرحوم سمیت دیگر بزرگوں کی قبور پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام، اہم شخصیات، لیگی رہنمائوں و کارکنوں اور بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد ان سے عید ملی۔