Live Updates

این اے 125 سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 جون 2018 16:39

این اے 125 سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جون 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کے این اے 125 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر تمام اعتراضات مسترد کر کے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں،مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کی اُمیدوار یاسمین راشد نے اعتراض کیا تھا اور اثاثے چھُپانے پر مریم نواز کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر رکھا تھا۔

اعتراضات میں کہا گیا کہ مریم نواز کے خلاف نیب عدالت میں ریفرنسز زیر سماعت ہیں، مریم کا نام آف شور کمپنیوں کے حامل افراد کی فہرست میں شامل ہے ، مریم نواز نے اپنے اثاثہ جات کی درست تفصیلات بھی فراہم نہیں کیں جبکہ مریم نواز کے مختلف ناموں پر بھی اعتراض اُٹھایا گیا ۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ آفیسر آصف بشیر نے18 جون کو ڈاکٹر یاسمین راشد کو اعتراضات کی متعلقہ دستاویزات کے ساتھ جبکہ مریم نواز کو ان اعتراضات کے جواب جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔

یاد رہےکہ جون 2018 کو مریم نواز نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے لیے لاہور کے حلقہ این اے 125 اور این اے 127 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے تھے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کی جانے والی نئی حلقہ بندیوں سے قبل این اے 125 مسلم لیگ (ن) کا گڑھ این اے 120 تھا، جہاں سے نا اہل قرار دیئے جانے سے قبل الیکشن 2013 میں نواز شریف کامیاب ہوئے تھے۔نواز شریف کی نا اہلی کے بعد 2017ء میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کلثوم نواز 61 ہزار ووٹوں کے ساتھ کامیاب جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 47 ہزار ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات