مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے مکمل آزادی پر کشمیریوں کی حقیقی عید ہو گی،چوہدری شہزاد

پیر 18 جون 2018 16:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) ممبر قانون سازاسمبلی چوہدری شہزاد محمود نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے مکمل آزادی پر کشمیریوں کی حقیقی عید ہو گی،بھارتی ایجنٹوں کی جانب سے سید شجاعت بخاری کا بہیمانہ قتل توانا آواز کو دبانے کی ناکام کوشش ہے،بھارت جتنے مرضی حربے آزما لے اسے ایک دن کشمیر سے نکلنا ہوگا،کشمیر میں گرنے والے ہرخون کے قطرے سے تحریک آزادی کو مزید تقویت ملتی ہے ،آزادجموں وکشمیر کی حکومت اورعوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے ،وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر کی قیادت میں حکومت نے تحریک آزای کو فوکس کیا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ اس مقصد میں حکومت نے حالیہ بجٹ میں کثیر تعداد میں فنڈ ز مختص کیے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ پر عید ملنے والے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت خطہ کے عوام کی 70سالہ محرومیاں ختم کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو خصوصی فوکس کیے ہوئے ہے ،وزیراعظم نے عید کے موقع پرمہاجرین کیمپوں کا دورہ کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ مہاجرین ہمارے دست و بازو ہیں اور حکومت انھیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گی ،چوہدری شہزاد محمود نے مزید کہا کہ سید شجاعت بخاری ریاست جموں وکشمیر کی ایک توانا آواز تھے جن کی قربانی تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکے گی۔