Live Updates

ڈیل نہیں ہو رہی ، کرنی ہوتی تو تکلیف کیوں اُٹھاتے؟

سڑک پر جاؤں تو کوئی نہیں پوچھتا کہ چودھری نثار کو ٹکٹ کیوں نہیں دیا؟ پرویز رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 جون 2018 15:23

ڈیل نہیں ہو رہی ، کرنی ہوتی تو تکلیف کیوں اُٹھاتے؟
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے سابق صدر پرویز مشرف سے متعلق کہا کہ پرویز مشرف باہر جانے سے متعلق خود بتا چکے ہیں۔ ریاست کوچاہئیے انہیں پکڑ کر واپس لائے، پرویز مشرف خود واپس نہیں آئیں گے۔ ریاست کو چاہئیے کہ ان کو گریبان سے پکڑ کر واپس لائے۔جنرل (ر) راحیل شریف کو صفائی دینی چاہئیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ غیر سیاسی افراد کا سیاست میں نظر آنا ٹھیک نہیں ہے۔ انتخابات منصفانہ نہیں خوف کی فضا میں ہورہے ہیں۔ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، اگر ڈیل ہی کرنی ہوتی تو ہم اتنی تکلیف کیوں اُٹھاتے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے پرویز رشید نےکہا کہ جو ناراض ہیں وہ وجہ تو بتائیں کہ آخر کیوں ناراض ہیں،انہوں نے کہا کہ چودھری نثار نے خود قطع تعلق کیا۔

(جاری ہے)

میرے ساتھ جا کر چودھری نثار کے حلقے میں پوچھ لیں،سڑک پر جاؤں تو کوئی نہیں پوچھتا کہ چودھری نثار کو ٹکٹ کیوں نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کے لیے قومی بیانیے کو نہیں بدلا جا سکتا۔ کوئی اگر نواز شریف کے بیانیے کے خلاف ہے تو ٹکٹ کا کیا سوال؟ واضح رہے کہ عام انتخابات 2018ء کی آمد آمد ہے اور سیاسی جماعتیں اپنے اپنے اُمیدواروں کو ٹکٹس جاری کرنے اور ہر حلقے میں تگڑا اُمیدوار کھڑا کرنے پر زور رہی ہیں، مسلم لیگ ن اور چودھری نثار علی خان کے مابین چھڑی ہوئی لفاظی جنگ کسی سے چھُپی ہوئی نہیں ہے۔

عام انتخابات کا وقت قریب آتے ہی پی ٹی آئی کی سیاسی فتوحات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور دوسری جانب پی ٹی آئی کی سیاسی حریف اپنے انتخابی اُمیدواروں نے ہاتھ دھوتے جا رہے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ ن کی قیادت اور ان کے نئے بیانیے سے غیر متفق نظر آتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سیاسی حلقوں میں خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر چودھری نثار علی خان پارٹی چھوڑ کر کسی اور جماعت میں شامل ہو جائیں گے، چودھری نثار علی خان کی جانب سے پارٹی قیادت اور نواز شریف پر تنقید ایک طرف لیکن انہوں نے پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی بارہا تردید کی ۔

اپنے ایک بیان میں وہ صاف کہہ چکے ہیں کہ میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست بھی نہیں کروں گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر لیکن ناراض رہنما چودھری نثار علی خان نے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔ راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ پارٹی نے ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دے دیئے ہیں اس لیے اب آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا اور اب زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں 10 جبکہ (ن) لیگ میں 100 سے بھی زائد خامیاں ہیں، عورت راج کے مخالف نے آج اپنی بیٹی پارٹی پر مسلط کر دی، مجھے 34 سال کی رفاقت کا خیال آجاتا ہے ورنہ میں نے منہ کھولا تو یہ شریف برادران کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات