محمد یاسین ملک کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں زخمی ہونیوالے نوجوان کی صورہ ہسپتال میں عیادت

کشمیری نوجوانوںپر پیلٹ گنوں کی بوچھاڑ کی جارہی ہے جس سے ان کی سینے اور سر کو نشانہ بنایا جاتا ہے ‘ یاسین ملک

پیر 18 جون 2018 15:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک عید کے دن بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے نوجوان کی عیادت کیلئے صورہ ہسپتال سرینگر گئے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے شدید زخمی نوجوان عبدالمجید وار سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پرانہوںنے کہاکہ عبدالمجید بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گن کے وحشیانہ استعمال کا نشانہ بنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے زخمی نوجوان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوںنے متعلقہ ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور عبدالمجید کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے کہاکہ عید کے دن بھی نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور کشمیری نوجوانوںپر پیلٹ گنوں کی بوچھاڑ کی جارہی ہے جس سے ان کی سینے اور سر کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ یاسین ملک نے کہاکہ گزشتہ سال عید الاضحی پر بھارتی فورسز نے تین نوجوانوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا تھا ۔