افغانستان،عید سعید لہو لہان، 2خود کش حملے، 34افراد جاں بحق، 55شدید زخمی

جلال آباد میں گورنر آفس کے سامنے جب کہ ننگر ہار میں عید ملن تقریب پر حملہ کیا گیا، ترجمان عطااللہ ہوگیانی

پیر 18 جون 2018 14:30

افغانستان،عید سعید لہو لہان، 2خود کش حملے، 34افراد جاں بحق، 55شدید زخمی
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) افغانستان میںدہشت گردوں نے عید سعید کو بھی لہو لہان کر دیا، جلال آباد اور ننگر ہار میں دو خود کش حملوں میں 34افراد جاں بحق جب کہ 55افراد شدید زخمی ہو گئے، حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں گورنر دفتر کے سامنے کئے جانے والے خود کش حملے میں 14 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ننگرہار گورنر دفتر کے ترجمان عطااللہ ہوگیانی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور نے جلال آباد میں ننگر ہار دفتر کے سامنے اپنے جسم سے بندھا بم اڑا دیا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے ہیں۔ہوگیانی کے مطابق حملہ عارضی فائر بندی کے اعلان کے بعد گورنر دفتر میں طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان عید ملن تقریب کے بعد ہوا۔حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔کل بھی ننگر ہار کی تحصیل رباط میں فائر بندی کے بعد طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان عید ملن تقریب کے دوران خود کش حملے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اس حملے کی ذمہ داری بھی تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔