ایم کیوایم پی آئی بی اور بہادر آباد والے گلے مل کر ایک ہوگئے

پیر 18 جون 2018 14:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) متحدہ قومی موومنٹ ایم کیوایم پی آئی بی اور بہادر آباد والے چاند رات پر ہی گلے مل کر ایک ہوگئے۔فاروق ستار رات گئے بہادرآباد دفتر جا پہنچے اور مل کر کام کرنے کا اعلان کیا۔فاروق ستار نے کہا کہ صرف الیکشن نہیں بلکہ اس کے بعد بھی ایک رہنا ہے۔ایم کیو ایم کے کنوینرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سازشیوں کا منصوبہ ناکام ہوگیا ،ْ ایم کیو ایم کسی ایک کی نہیں، سب کی ہے، انتخابات میں خلوص اور محنت کو دیکھتے ہوئے پارٹی ٹکٹ دیں گے۔

خیال رہے کہ 11 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی جس کے بعد خالد مقبول نے فاروق ستار کوساتھ چلنے کی پیشکش کی تھی۔

(جاری ہے)

فروری کے آغاز میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کا نام سینیٹ امیدوار کے طور پر سامنے آنے پر پارٹی میں اختلافات نے سر اٹھایا جو بحران کی صورت میں تبدیل ہوگیا تھا۔

رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کی رکنیت معطل کی تو فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو معطل کردیا، بعدازاں سینیٹ انتخابات کے لیے فاروق ستار گروپ اور رابطہ کمیٹی اراکین کی جانب سے الگ الگ کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے اور اسی دوران رابطہ کمیٹی نے پارٹی سربراہ فاروق ستار کو قیادت سے نکال دیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھا گیا جسے بعدازاں واپس لے لیا گیا۔

قیادت کی اس جنگ میں فاروق ستار کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کیا گیا جسے بہادرآباد دھڑے نے ماننے سے انکار کردیا ،ْپی آئی بی گروپ میں انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد فاروق ستار کو کنوینر منتخب کرلیا گیا ،ْانٹرا پارٹی انتخاب میں فاروق ستار 9 ہزار 433 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر آئے تاہم اب اسلام آباد ہائی کورٹ نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم کا کنوینر قرار دیدیا ۔