یمنی فوج نے الحدیدہ میں شہریوں کے لیے محفوظ راستے کھول دیئے

گذشتہ چھ روز میں الحدیدہ میں جاری لڑائی میں کم سے کم پانچ سو حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے

پیر 18 جون 2018 13:10

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) یمنی فوج نے الحدیدہ کے مختلف علاقوں میں شہریوں کے لیے اتوار کو محفوظ راستے کھول دیئے ہیں۔ان علاقوں میں یمنی فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید لڑائی ہورہی ہے۔اطلاعات کے مطابق گذشتہ چھ روز میں الحدیدہ میں جاری لڑائی میں کم سے کم پانچ سو حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔حوثی ملیشیا نے الحدیدہ میں عوامی مقامات ، شہر کے ارد گرد اور سڑکوں کے کناروں میں خندقیں کھود دی ہیں تاکہ یمنی فوج کی پیش قدمی کو روکا جاسکے اور شہریوں کی نقل وحرکت کو محدود کیا جاسکے۔

انھوں نے شہر میں ہنگامی حالت بھی نافذ کردی ہے اور وہ عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔یمنی فوج کی سرکار ی ویب سائٹ کے مطابق ہتھیار ڈالنے پر متفق ہونے والے حوثی جنگجوؤں کو سکیورٹی مہیا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حالیہ دنوں میں الحدیدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے اور برسر زمین یمنی فوج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے حوثیوں کے خلاف لڑائی میں پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔

ایک عسکری ذریعے نے عرب ٹی وی کو بتایا ہے کہ یمنی فوج عرب اتحاد کے ساتھ رابطے کے ذریعے الحدیدہ میں حوثی جنگجوؤں کا گھیراؤ تنگ کررہی ہے اور وہ شہریوں کے جانی نقصان کے بغیرتمام شہر کو حوثیوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کوشش کررہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس جنگی حربے سے حوثیوں کی تمام منصوبہ بندی دھری کی دھری رہ جائے گی اور شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے والے حوثیوں کو ان کی خفیہ کمین گاہوں سے ڈھونڈ نکالا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :