دُبئی : بچی سے جنسی چھیڑ چھاڑ کرنے والا بوڑھا ٹیچر عدالتی کارروائی کی زد میں

ملزم کی ذہنی صحت جانچنے کے لیے نفسیاتی ماہرین کی کمیٹی تفتیش کرے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 جون 2018 12:50

دُبئی : بچی سے جنسی چھیڑ چھاڑ کرنے والا بوڑھا ٹیچر عدالتی کارروائی کی ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جُون 2018ء) دس سال کی کم سن طالبہ کے ہوم ٹیوٹر کی ذہنی حالت جانچنے کے لیے عدالت کی جانب سے نفسیاتی ماہرین کا بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ 66 سالہ ہوم ٹیوٹر پر الزام ہے کہ اُس نے کم سن طالبہ کو پڑھائی کے دوران جنسی چھیڑ چھاڑ کا نشانہ بنایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق النہدہ سے تعلق رکھنے والی اماراتی خاتون نے اپنے تین بچوں کو گھر پر پڑھانے کے لیے 66 سال سوڈانی ٹیوٹر کا بندوبست کر رکھا تھا۔

گھر کے مختلف حصّوں میں کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے۔ ایک دِن اماراتی خاتون کو شک ہوا کہ عمر رسیدہ ٹیوٹر کا اُس کی بیٹی کے ساتھ طرزِ عمل کچھ مشکوک سا تھا۔ اس شک کی بنیاد پر اُس نے کیمروں سے بنی وڈیوز چیک کیں تو ایک ویڈیو میں اس پر انکشاف ہوا کہ ٹیوٹر اُس کی بیٹی کے ساتھ بہت غیر مناسب طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اُس نے مزید وڈیوز چیک کیں تو اُسے پتا چلا کہ ٹیوٹر نے اُس کی بیٹی کو ایک سے زائد بار جنسی چھیڑ چھاڑ کا نشانہ بنایا تھا۔

خاتون کی شکایت پر پولیس نے ٹیوٹر کو گرفتار کر لیا۔ عدالت میں پیش کیے جانے پر بوڑھے ٹیوٹر نے بچی کے ساتھ جنسی چھیڑ چھاڑ کے الزام کو ماننے سے انکار کر دیا۔ جس پر عدالت کے پریزائیڈنگ جج فہد الشمسی نے فیصلہ کیا کہ ملزم کی بے گناہی جانچنے کے لیے اُس کا نفسیاتی ماہرین کے سامنے دماغی ٹیسٹ لیا جائے۔ نفسیاتی ماہرین کی کمیٹی ملزم کے بے گناہ ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے اپنی رپورٹ 27 جُون 2018ء کو پیش کرے گی۔ بچی نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہ کہ ملزم اُسے غیر مناسب طریقے سے چھُونے کی کوشش کرتا تھا۔ ملزم اُس کی بہن کو پڑھانے کے بعد کمرے سے باہر چلے جانے کا کہہ دیتا اور پھر وہ بچی کو دِن کا آخری سبق دینے کے بہانے اُس کے ساتھ جنسی چھیڑ چھاڑ کرتا تھا۔

متعلقہ عنوان :