آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے عید الفطر لائن آف کنٹرول پرجوانوں کے ساتھ منائی ،ْجوانوں کے بلند حوصلوں ،ْ عزم اور وفاداری کوسراہا

ایک سپاہی کی حیثیت سے اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ہم اپنے وطن اور ہم وطنوں کی حفاظت کی خاطر اپنا فرض ادا کرنے گھروں سے دور رہتے ہیں ،ْ گفتگو

پیر 18 جون 2018 12:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) پاک فوج کے سربراہ جنر قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر جوانوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی اور پاکستان کی خوشحالی اور امن کیلئے دعا کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے جوانوں کے بلند حوصلوں، عزم اور وفاداری کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ ایک سپاہی کی حیثیت سے ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ہم اپنے وطن اور ہم وطنوں کی حفاظت کی خاطر اپنا فرض ادا کرنے گھروں سے دور رہتے ہیں اور اس طرح کے تہوار بھی اپنے پیاروں سے دور مناتے ہیں۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے اس موقع پر خاص طور پر مادر وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افواج کی طرف سے پوری قوم کو عید مبارکباد دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پرامن ماحول میں عید کا تہوار شہداء اورغازیوں کی مرہون منت ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اپنے تمام شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ اللہ پاکستان پر اپنی رحمتیں برساتا رہے۔