Live Updates

عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی سکروٹنی کیلئے ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہونے سے معذرت‘،ایک دن کی مہلت طلب

عمران خان یاان کے وکیل بابراعوان پیر کو ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہیں ہونگے ‘بابر اعوان لاہور میں ہیں اوروہ این اے 131 میں عمران خان کی سکروٹنی کیلئے پیش ہونگے‘(آج)تک کا وقت دیا جائے‘(آج)پیش ہوجائیں گے‘ رائے تجمل ایڈووکیٹ

پیر 18 جون 2018 11:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) لاہور کے حلقہ این اے 131 میں عمران خان کی سکروٹنی میں پیشی کی وجہ سے بابر اعوان نے اسلام آباد میں ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرتے ہوئے ایک دن کی مہلت مانگ لی۔بابر اعوان کے معاون وکیل رائے تجمل کا کہنا ہے کہ عمران خان یاان کے وکیل بابراعوان آج (پیر )کو ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہیں ہونگے کیونکہ بابر اعوان لاہور میں ہیں اوروہ وہاں حلقہ این اے 131میں عمران خان کی سکروٹنی کے لئے پیش ہونگے۔

اس لئے کل تک کا وقت دیا جائے، بابر اعوان کل پیش ہوجائیں گے۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں اسلام آباد کے حلقے این اے 53 کے امیدواروں کی اسکروٹنی آج ہوگی، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان یا ان کے وکیل پیر کو پیش نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 53 کے امیدواروں عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق پی ٹی آئی رکن عائشہ گلالئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

گزشتہ روز یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ عمران خان کے بجائے ان کے وکیل بابر اعوان آج ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوں گے۔بعدازاں معاون وکیل رائے تجمل کا بیان سامنے آیا کہ بابر اعوان بھی پیر کو ریٹرننگ افسر کیسامنے پیش نہیں ہوں گے۔رائے تجمل کا کہنا تھا کہ بابر اعوان لاہور میں ہیں اور وہ وہاں عمران خان کی اسکروٹنی کے لیے پیش ہوں گے۔

معاون وکیل کا مزید کہنا تھا کہ 'کل تک کا وقت دیا جائے، بابر اعوان کل پیش ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی پرعبدالوہاب بلوچ نے اعتراضات دائر کر رکھے ہیں، اس لیے عمران خان کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے ساتھ اعتراضات کا جواب دینا ہوگا۔حلقہ این اے 53 سے 63 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں عمران خان، شاہد خاقان عباسی اور عائشہ گلالئی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر ظفر اللہ، مہتاب عباسی اور پی ٹی آئی کے الیاس مہربان بھی شامل ہیں۔

این اے 53 سے انتخابات لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 19 جون کو جاری کی جائیگی۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور کے حلقہ این اے 131 اور کراچی کے حلقہ این اے 243 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن کے خلاف بھی اعتراضات دائر کیے گئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات