ڈی ایس ریلوے کا فوری ایکشن،بکنگ کلرک حبیب معطل

بکنگ کلرک کو مسافر کی شکایت پر معطل کیا گیا ہے، محمد سفیان سرفراز ڈوگر سٹاف کا رویہ مسافروں کے ساتھ خوش اخلاق اور ہمدردانہ ہونا چاہیے، ڈی ایس ریلوے لاہور

جمعہ 15 جون 2018 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن محمد سفیان سرفراز ڈوگر نے نارووال مسافر کی سٹاف کے خلاف نارواسلوک کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے حبیب اللہ نامی بکنگ کلرک کو معطل کر دیا‘نارووال جانے والے مسافر نے بکنگ کلرک کے خلاف شکایت درج کروائی کہ مذکورہ بکنگ کلرک ٹکٹ جاری کرتے ہوئے مسافروں کے ساتھ نامناسب رویہ استعمال کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس ریلوے لاہور نے بکنگ کلرک کے خلاف نا مناسب سلوک کی شکایت موصول ہوتے ہی بکنگ کلرک کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری کا حکم دیا ہے ۔ ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے سٹاف کا رویہ مسافروں کے ساتھ خوش اخلاق اور ہمدردانہ ہونا چاہیے۔ نامناسب اور غیر ذمہ درانہ رویہ رکھنے والے اہلکاروں کے ساتھ ہماری برداشت پالیسی صفر کے برابر ہے۔ کیونکہ سٹاف کا مسافروں کے ساتھ رویہ ہی اصل ریلوے کا امیج ہے۔ یاد رہے کچھ دن پہلے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور نے غیر ذمہ درانہ فرض کی ادائیگی پر دو ٹکٹ کلیکٹرز اور ایک پلیٹ فارم انسپکٹر کو معطل کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :