مسلم لیگ ن کےصدر شہباز شریف کل صبح لندن روانہ ہوں گے

بیگم کلثوم نواز کی طبیعت انتہائی خراب ہے، شہبازشریف اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کریں گے۔ترجمان مسلم لیگ ن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 جون 2018 17:56

مسلم لیگ ن کےصدر شہباز شریف کل صبح لندن روانہ ہوں گے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کل صبح ہفتے کے روز لندن روانہ ہوں گے۔وہ اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی طبیعت کی خرابی کے باعث لندن روانہ ہو رہے ہیں۔جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کریں گے ۔ میاں شہباز شریف عید الفطر مسلم لیگ (ن ) کے قائد نواز شریف اور انکے اہل خانہ کے ہمراہ لنڈن ہی میں منائیں گے۔

واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں وہ مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔بیگم کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کرنے کے بعد کمزوری کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد سابق خاتون اول کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

لندن میں لینڈ کرتے ہی نواز شریف اور مریم نواز سیدھے ہسپتال گئے۔ جہاں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔ ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی، جس کے بعد نواز شریف اور مریم نواز ہسپتال سے روانہ ہوئے۔ روانگی کے وقت مریم نواز آبدیدہ تھیں۔شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔

نواز شریف کے بیٹے حسین نواز اور مریم نواز نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے۔نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کلثوم نواز کو نازک حالت کے باعث آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور پورا خاندان کلثوم نواز کیلئے دعائیں کررہا ہے۔ انہوں نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ ان بابرکت دنوں میں کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کی دعا کریں۔ خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔