نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح( پولو گرائونڈ )میں ہوگا،میئر کراچی وسیم اختر نے انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 15 جون 2018 17:54

نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح( پولو گرائونڈ )میں ہوگا،میئر ..
ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) بلدیہ عظمی کراچی کے زیر انتظام شہر میں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح (پولو گرائونڈ) میں منعقد ہوگا ، نماز عید صبح آٹھ بجے مولانا محمد احمد سلیمی کی امامت میں ادا کی جائے گی، میئر کراچی وسیم اختر نے پولو گرائونڈ کا دورہ کیا اور نماز عید کے انتظامات کا جائزہ لیا، دورے کے موقع پر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد نے انہیں بتایا کہ پولو گرائونڈ میں نماز عید کے قدیمی اجتماع کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، اسلامی ملکوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے ان ممالک کے پرچم لگائے گئے ہیں، میئر کراچی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ عید کی نماز کے لئے آنے والے لوگوں کے لئے وضو کے انتظامات کے ساتھ ساتھ تمام ضروری اقدامات کئے جائیں، عید گاہ کے اطراف صفائی ستھرائی کرائی جائے اور جراثیم کش اسپرے کیا جائے، میئر کراچی وسیم اختر، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن ، مختلف اسلامی ملکوں کے سفارتکار، وفاقی و صوبائی وزراء، سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کمیٹیوں کے چیئرمین‘منتخب بلدیاتی نمائندے اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد نماز عید ادا کرے گی۔