عید کی تعطیلات میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف عباسی اسپتال میں موجود ہونا چاہئے ،میئر کراچی

ہسپتال میں ادویات فراہم کردی گئی ہیں، ایمرجنسی وارڈ کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے،وسیم اختر کی دورے کے موقع پر گفتگ

جمعہ 15 جون 2018 17:54

عید کی تعطیلات میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف عباسی اسپتال میں موجود ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عید کی تعطیلات میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اسپتال میں موجود ہونا چاہئے اور مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے، صفائی ستھرائی کو بہتر بنایا جائے، اسپتال میں ادویات فراہم کردی گئی ہیں، ایمرجنسی وارڈ کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے اور مجموعی طور پر اسپتال کو مزید ترقی دیں گے اور کراچی کے شہریوں کے لئے عباسی شہید اسپتال کو بہترین علاج گاہ بنایا جائے گا، یہ بات انہوں نے عباسی شہید اسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر کہی، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی اچانک عباسی شہید اسپتال پہنچے تو مریضوں اور ان کے تیماردار میئر کراچی کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوئے، انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور نئے بننے والے حصے میں صفائی ستھرائی اور اسے اسی طرح بحال رکھنے میں زور دیا، میئر کراچی نے اس موقع پر داخل مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی خیرت دریافت کی، انہوں نے مریضوں کے ساتھ موجود تیمارداروں کو بتایا کہ عباسی شہید اسپتال کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور اس کے لئے مختلف اداروں سے بھی تعاون کی درخواست کی گئی ہے، ایمرجنسی فیزI کی تزئین و آرائش کے بعد وہاں داخل مریضوں سے میئر کراچی سے کہا کہ وہ عباسی شہید اسپتال میں جدید آلات اور سہولیات سے آراستہ ایمرجنسی وارڈ کو پہلی مرتبہ دیکھ رہے ہیں اور یہ تبدیلی خوش آئند ہے، میئر کراچی نے اس موقع پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری رجسٹر کو چیک کیا اور کہا کہ کوئی پروفیسر یا سینئر ڈاکٹر ڈیوٹی سے مبرا نہیں ہے انہیں ہر صورت عباسی شہید اسپتال میں اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہنا ہوگا اور اسپتال میں داخل مریضوں کے علاج معالجے پر توجہ دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کا وقتاً فوقتاً دورہ کرتے رہیں گے اور اگر ڈاکٹرز یا پیرامیڈیکل اسٹاف ڈیوٹی پر موجود نہ ہوا تو ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، میئر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں علاج کی غرض سے آنے والے اکثر افراد غریب اور متوسط طبقے سے ہوتے ہیں یہ اسپتال ان کی آخری امید ہوتا ہے اس لئے ہمیں ان کے علاج معالجے اور بہتر سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنی چاہئے، میئر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں پہلے سے بہتری آئی ہے اور اسے مزید بہتر کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹائون نے آکسیجن کی مسلسل فراہمی اور ایمرجنسی وارڈ کی جدید خطوط پر تزئین و آرائش کے اخراجات اپنے ذمے لئے ہیں اسی طرح اگر دوسرے ادارے بھی ہمارے ساتھ تعاون کریں تو عباسی شہید اسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنایا جاسکتا ہے۔